پٹنہ:بہار حج کمیٹی کے سی ای او راشد حسین نے ای ٹی وی بھارت سے درمیان گفتگو خوش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کوویڈ کے پیش نظر حج کمیٹی آف انڈیا نے جو بھی بندشیں لگائی تھیں اب وہ ختم ہو گیا ہے. حج 2023 سے متعلقہ رہنما اصول کے مطابق اب عمر کی قید ختم کر دی گئی ہے۔ امسال حج کے لئے ہر عمر کے لوگ حج درخواست فارم بھرنے کی اہل ہوں گے. 70 سال سے زیادہ عمر کے حج کے خواہشمند افراد کو بھی ایک معاون کے ساتھ سفر حج پر جانے کی اجازت ہوگی. ساتھ ہی اس بار گیا سے پرواز کی اجازت مل گئی ہے. لہٰذا بہار کے عازمین و عازمات گیا امبارکیشن پوائنٹ سے حج کے سفر پر روانہ ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ 45 سال سے زیادہ عمر کی خواتین عازمات بغیر محرم کے حج 2023 کے لئے حج کے درخواست فارم بھرنے کی اہل ہوں گی۔ راشد حسین نے کہا کہ حج کمیٹی آف انڈیا کے ذریعہ حج 2023 کا باضابطہ اعلان ہوتے ہی حج درخواست فارم بھرنے کا سلسلہ شروع ہو جائے گا. اس بار حج فارم آن لائن اور آف لائن دونوں طریقوں سے بھرنے کی اجازت ہوگی. اس سال سفر حج کی مدت 30 سے 40 دنوں کے درمیان رہنے کا امکان ہے. انہوں نے کہاکہ حج درخواست فارم کے اعلان کے ساتھ ساتھ رہنما اصول اور گائیڈ لائن آئندہ کچھ دنوں میں حج کمیٹی آف انڈیا ممبئی کے ذریعہ جاری کر دیا جائے گا جس سے تمام تفصیلات کی آگاہی ہو جائے گی.
ان کا کہنا ہے کہ ریاستی حج کمیٹی نے حج کا فارم بھرنے کے متعلق اپنی تیاریاں مکمل کر لی ہے اور اعلان ہوتے ہی تمام اضلاع میں حج کا فارم اور تفصیلات ضلع کے ذمہ دار حضرات تک پہنچا دے گی. اس لیے حج کا ارادہ رکھنے والے عازمین و عازمات ابھی سے متعلقہ کاغذات اپنے پاس یکجا کرنا شروع کر دیں.