بہار میں کورونا وائرس کے بڑھتے اثرات کے درمیان پیر کے روز محکمہ صحت میں بڑے پیمانے پر تبدیلی کی گئی ہے، ریاست کے محکمہ صحت کے موجودہ پرنسپل سیکریٹری ادئے سنگھ کماوت کو ان کے عہدے سے برطرف کردیا گیا ہے۔
کماوت کی جگہ پرتئے امرت کو محکمہ صحت کے پرنسپل سیکریٹری کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ اسی دوران ریاست کے 4 آئی اے ایس افسران کا بھی تبادلہ کیا گیا ہے جبکہ 3 افسران کو اضافی ذمہ داری دی گئی ہے۔
سدھیر کمار کو ریاستی منصوبہ کونسل کا اسپیشل مشیر مقرر کیا گیا ہے اور دوسری طرف سودھیر کمار کو جانچ کمشنر کی اضافی ذمہ داری دی گئی ہے۔
آئی اے ایس ادئے سنگھ کماوت کو ریاستی منصوبہ کونسل کا مشیر مقرر کیا گیا اور ساتھ ہی کماوت "بیپارڈ" کا چارج بھی سنبھالیں گے۔
ترقیاتی کمشنر ارون کمار سنگھ کو "بیپارڈ" کے ڈی جی کی اضافی ذمہ داری دی گئی ہے۔
محکمہ مالیات کے سیکریٹری سدھارتھ کو محکمہ صنعت کی اضافی ذمہ داری دی گئی ہے، محکمہ آبی وسائل کے سیکریٹری سنجیو ہنس کو محکمہ توانائی کے سیکریٹری کی اضافی ذمہ داری دی گئی ہے اور اس کے ساتھ ہی ہنس پاور ہولڈنگ کمپنی کے سی ایم ڈی کے چارج میں بھی رہیں گے۔