ریاست بہار کے بھاگلپور شہر کے باشندہ حبیب مرشد خان ان سینکڑوں عازمین حج میں سے ایک ہیں جنہوں نے حج کی پوری تیاری کر لی تھی لیکن کورونا کی وجہ سے پیدا ہوئے صورتحال سے مایوس ہیں۔
حبیب مرشد خان اپنے اہل خانہ کے ساتھ حج پر جانے والے تھے اور دو قسط کا پیسہ بھی جمع کر دیا تھا، موجودہ صورتحال میں حج کمیٹی کے فیصلہ سے نہ صرف حبیب مرشد خاں جیسےعازمین حج مایوس ہیں بلکہ ان کا مطالبہ ہے کہ فارم رد کرنے کے بجائے حج کمیٹی موجودہ عازمین حج کا فارم اور رقم آئندہ برس کے لیے جمع رکھیں تاکہ ان جیسے افراد کو آئندہ سال پھر حج کی درخواست نہ دینی پڑے۔
بھاگلپور سےاس سال 187 عازمین حج اللہ کے گھر کی زیارت کا ارادہ کر چکے تھے جن میں سو مرد عازمین حج اور 87 خواتین تھیں لیکن بہار حج کمیٹی نے صاف کر دیا ہے کہ اس سال ان کی ریاست سے کوئی بھی حج کے لیے نہیں جائے گا اس سے صاف ہوگیا ہے یہ لوگ اس بار حج پر نہیں جا پائیں گے لیکن رقم واپسی کا طریقہ کیا ہوگا ابھی واضح نہیں ہے۔
دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا شدہ صورتحال کے پیش نظر حج کمیٹی آف انڈیا نے عازمین حج کی جمع شدہ صد فیصد رقم واپس کرنے کی پیش کش کی ہے لیکن سوال یہ ہے کہ بھاگلپور جیسے چھوٹے شہروں کے لوگ پائی پائی جوڑ کر حج کا پیسہ اکٹھا کرتے ہیں اور اگر اس مرتبہ نہ جاسکے تو آئندہ برس ان کی مالی حالت کیا ہوگی اور ان کا فارم قبول ہوگا یا نہیں یہ کہہ پانا مشکل ہے۔