زخمی حالت میں معراج خان کو صدر اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جہاں ان کا علاج چل رہا ہے۔
اس حملے میں معراج خان کی اہلیہ سلمیٰ خانم سمیت چھوٹے بھائی عمران خان اور ایک بچہ بھی زخمی ہوا ہے۔ اس واقعے کے بعد پولیس اسپتال پہنچ کر زخمیوں کا بیان درج کر رہی ہے۔
زخمی سلمیٰ خانم نے بتایا کہ 'پڑوس کے محمد الیاس سے زمینی تنازع چل رہا ہے، یہ معاملہ دو مہینے قبل کا ہے جس پر دونوں فریقین کی جانب سے ایف آئی آر بھی درج ہے اور متنازع زمین پر تعمیر ہونے والے مکان پر پولیس نے روک بھی لگا دی ہے۔
اس کے باوجود ان لوگوں نے آج جب دوبارہ کام شروع کیا، اس وقت وہ گھر میں تنہا تھیں۔ جب وہ منع کرنے گئی تو ان لوگوں نے اینٹ اور پتھر پھینکنا شروع کر دیا جس سے وہ زخمی ہو گئیں۔'
سلمیٰ نے بتایا کہ 'وہ جب اپنے شوہر معراج خان کو فون کر کے بلائی تو ان لوگوں نے ان پر بھی اینٹ سے حملہ کر دیا جس سے وہ زخمی ہو گئے۔'
سلمیٰ نے بتایا کہ 'جن لوگوں نے ان پر حملہ کیا ہے ان میں محمد الیاس، آفتاب، مہتاب، بیبی، شاہد، راجہ، دانش کے علاوہ تقریباً پچیس لوگ تھے۔ حملہ میں معراج خان کے چھوٹے بھائی عمران خان، اہلیہ سمیت ایک بچہ بھی زخمی ہوا ہے۔'
واقعہ کے بعد ارریہ تھانہ کے آئی او مرتنجے کمار اسپتال پہنچے اور زخمیوں کا بیان درج کیا۔
مرتنجے کمار نے بتایا کہ 'یہ معاملہ پولیس کی نوٹس میں ہے اور اس معاملے میں دونوں فریق کے درمیان سمجھوتہ بھی ہونے والا تھا مگر پھر آج یہ واقعہ پیش آ گیا۔ انہوں نے پوچھ تاچھ کے بعد کارروائی کرنے کی یقین دہائی کرائی ہے۔'
وہیں دوسری جانب معراج خان کی اہلیہ سلمیٰ خانم نے ضلع انتظامیہ سے تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔