ارریہ ایس پی دھورت سائلی نے بازار کا جائزہ لینے کے بعد صحافیوں سے بات چیت کے دوران بتایا کہ ارریہ ضلع انتظامیہ کی جانب سے چوک چوراہوں اور بازاروں پر لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے اعلان کیا جارہا ہے کہ ضرورت کے مطابق ہی گھروں سے نکلیں، غیر ضروری طور پر گھر کے باہر نہ نکلیں، گاؤں محلوں اور سڑکوں پر بھیڑ نہ کریں، لاک ڈاؤن کے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کاروائی کی جارہی ہے۔
ایس پی دھورت سائلی نے کہا کہ ارریہ ضلع اب تک محفوظ ہے، کورونا وائرس سے متاثر کسی بھی شخص کی شناخت نہیں ہوئی ہے لیکن اس سے بچنے کے لیے احتیاط برتنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
ایس پی نے کہا جو لوگ سوشل میڈیا پر ارریہ میں کورونا وائرس سے متاثر مریض پائے جانے کی افواہ پھیلا رہے ہیں ان پر سخت کارروائی کی جائے گی، عوام ایسے لوگوں پر نظر رکھے اور جو غلط افواہ پھیلا رہے ہیں اس بارے میں پولیس کو اطلاع دیں۔
دھورت سائلی نے کہا کہ سڑکوں پر اب تک جو بھی غیر ضروری طور پر باہر گھومتے ہوئے پکڑے گئے ہیں انہیں سمجھا کر گھر واپس کر دیا گیا ہے، میں عوام سے اپیل کروں گی وہ غیر ضروری سڑکوں پر نہ نکلیں، اگر کوئی مٹر گشتی کرتے ہوئے ہاتھ لگا تو پولیس اس کے خلاف سخت ایکشن لے گی۔