ضلع افسران یہ یقینی بنا رہے ہیں کہ عوام لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی نہ کرے اور کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں ضلع انتظامیہ کو پوری طرح سے تعاون دیں۔ اسی کے تحت آج ضلع کلکٹر پرشانت کمار و ایس پی دھورت سائلی نے ضلع کلکٹریٹ واقع سبھا بھون میں ضلع کے تمام اعلیٰ افسران کے علاوہ کانفرنسنگ کے ذریعہ سبھی بلاک افسران، بی ڈی او، سی او، تھانہ صدور اور ترقیاتی افسران کے ساتھ مشترکہ میٹنگ کی اور حالات کا جائزہ لیا۔
نشست کے دوران ضلع کلکٹر پرشانت کے ذریعہ جاری لاک ڈاؤن پر صد فیصد عمل کے ساتھ کئی اہم ہدایت بھی دی گئیں۔ پرشانت کمار نے کہا کہ 'شہری و دیہی علاقوں کے بینکوں میں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کی خبریں آ رہی ہیں جسے ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ بینکوں میں رقم لینے پہنچ رہی عوام سماجی دوری کا بالکل بھی خیال نہیں رکھ رہے ہیں، جو عوام کے صحت کے لئے بالکل صحیح نہیں ہے۔'
ضلع کلکٹر نے متعلقہ افسران کو سخت ہدایت دی کہ جو بھی سماجی دوری کی خلاف ورزی کرے اس پر سخت کارروائی کی جائے۔
جائزہ کے دوران ضلع کلکٹر نے راشن تقسیم میں ہو رہی بدعنوانی پر افسران کو پھٹکار لگاتے ہوئے کہا کہ 'ضرورت مند اور غریب طبقات تک راشن پہنچانا ہماری پہلی ترجیحات میں شامل ہے۔ اس میں ہرگز لاپرواہی نہ کریں۔ جہاں جہاں ڈیلروں نے راشن اٹھا لیا ہے اسے جلد از جلد تقسیم کرے، اگر راشن تقسیم میں کسی طرح کی پریشانی آتی ہے تو متعلقہ افسران سے رابطہ کر اسے فوراً حل کرائیں۔'
انہوں نے کہا کہ 'راشن کی کالابازاری کرنے والوں کے خلاف چھاپہ ماری کر انہیں گرفتار کریں۔' وہیں ایس پی دھورت سائلی نے سبھی تھانہ صدور کو ضلع کے اندر و سیمانچل سے متصل نیپال سرحد پر کڑی نگاہ رکھنے کی ہدایت دی، ساتھ ہی بازار، چوک چوراہوں پر غیر ضروری طور پر جمع ہو رہے لوگوں پر قابو کریں۔ ویڈیو کانفرنسگ میں ڈی ڈی سی منوج کمار، اے ڈی ایم انیل کمار، سول سرجن ایم پی سنگھ، ڈی پی ایم ریحان اشرف کے علاوہ دیگر افسران موجود تھے۔