مرکزی حکومت کی جانب سے نافذ کردہ زرعی قوانین کے خلاف سیاسی جماعتوں اور کسان مزدور یونین نے مشترکہ طور پر ریل روکو احتجاج کیا جس سے متعدد ٹرینوں کی آمدو رفت متاثر ہوئی۔
اس مہم کے پیش نظر گیا میں کانگریس اور جن ادھیکار پارٹی کے کارکنان نے ہٹیا، پٹنہ ایکسپریس کو آدھے گھنٹے تک روکے رکھا اور مرکزی و ریاستی حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے تینوں زرعی قوانین کو واپس لینے کا مطالبہ کیا۔
اس دوران کانگریس کے ترجمان پروفیسر وجے کمار میٹھو نے کہا کہ مرکزی حکومت کسانوں کو پریشان کرنا بند کرے، کسانوں کے ساتھ کانگریس شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے چند کارپوریٹ گھرانوں کو فائدہ پہنچانے کے لیے ان قوانین کو نافذ کیا ہے۔
پروفیسر وجے کمار نے کہا کہ کسانوں کی یہ تحریک صرف کسانوں تک محدود نہیں ہے بلکہ یہ ہر بھارتیوں کی کی تحریک ہے۔
اس دوران جن ادھیکار پارٹی کے یوا شکتی سیل کے ضلع صدر اوم یادو نے کہا کہ ریاست میں وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور مرکز میں وزیراعظم نریندر مودی نے پرامن احتجاج ومظاہرے کرنے والوں پر کاروائی کرکے جمہوریت کو نقصان پہنچایا ہے، پارٹی کی ہدایت پر آج گرارو اسٹیشن پر بھی ٹرین پرامن طریقے سے روکی گئی ہے۔
مزید پڑھیں:
بہار: اردو میں مواد فراہم کرنے کونسل ارکان کامطالبہ
اس ضمن میں آرپی ایف انسپکٹر سمیع صدیقی نے بتایا کہ پہلے سے طے پروگرام کو دیکھتے ہوئے آرپی ایف نے گیا میں سخت سیکیورٹی کے انتظامات کئے تھے، گیا اسٹیشن پر بڑی تعداد میں پولیس کی تعیناتی کی گئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس اور جن ادھیکار پارٹی کے کارکنان نے پرامن طریقے سے کچھ وقت کے لیے ٹرین روکی تھی اس لئے کسی طرح کی کارروائی نہیں ہوئی ہے۔