سڑک کی مرمت کا کام وسط میں ہی روکے جانے کے باعث اوڑی کے بلال آباد میں رہائش پذیر کثیر آبادی کو عبور و مرور میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
مقامی باشندوں کے مطابق بیک ٹو ولیج کے دوران مقامی باشندوں کی جانب سے سڑک کی تعمیر اور اسکے اطراف میں بنڈ تعمیر کیے جانے کا مطالبہ کیا گیا جس کے بعد سڑک کی مرمت کا کام شروع کیا گیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ سڑک کی تعمیر کا کام شروع کیا گیا تاہم نامعلوم وجوہات کی بنا کر اسے روک دیا گیا۔
مقامی باشندوں نے بتایا کہ سڑک پر جگہ جگہ بڑے پتھر موجود ہیں جسے ابھی تک نہیں ہٹایا گیا، انکے مطابق سڑک پر پتھر ہونے کے باعث عوام کے ساتھ ساتھ گاڑیوں کو بھی گزرنے میں دشواریاں پیش آ رہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سڑک کی مرمت کا کام بحال کیے جانے سے متعلق انہوں نے متعلقہ حکام سے کئی بار رجوع کیا تاہم کام بحال کیے جانے سے متعلق ٹھوس اقدامات نہیں اٹھائے گئے۔
مقامی باشندوں نے بتایا کہ سڑک کی خستہ حالی کے باعث مقامی آبادی کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی خصوصا مریضوں کو اسپتال پہنچانے میں انہیں کئی دقتیں پیش آتی ہیں۔
انہوں نے متعلقہ محکموں سمیت ضلع انتظامیہ سے سڑک کی تعمیر و مرمت کا کام بحال کیے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔