بارہمولہ: مرکزی ریلوے منسٹر اشوانی ویشنوو نے وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع سے شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع تک کا سفر ٹرین میں کیا۔ بارہمولہ میں مرکزی وزیر کا ڈی سی بارہمولہ سمیت ضلع انتظامیہ کے دیگر افسران نے استقبال کیا۔ بارہمولہ میں مرکزی وزیر نے ریلوے اسٹیشن کا معائنہ کیا اور مختلف عوامی وفود سے ملاقات کی اور اس صورتحال کا جائزہ لیا۔
مرکزی وزیر نے بارہمولہ ریلوے اسٹیشن پر مسافرین کو دی جا رہی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’بھارتی ریلوے کی آخری لائن بارہمولہ کا دورہ کرکے صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ میں اس سے کافی خوش ہوں اور ہماری کوشش ہے کہ بھارتی ریلوے نیٹ ورک کو اور زیادہ بہتر بنایا جائے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ مرکزی حکومت کا خواب ہے کہ بھارتی ریلوے کو دنیا کا سب سے بہتر ریلوے نظام بنایا جا اور اس ضمن میں پوری کوششیں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’بارہمولہ اور اس سے ملحقہ دیگر ریلوے اسٹیشز میں جدید ترین ٹیکنالوجی کو عمل میں لایا جا رہا ہے تاکہ ٹرین سے سفر کرنے والے افراد کو کسی بھی طرح کی مشکل درپیش نہ آئے۔‘‘
مرکزی وزیر نے کہا کہ جموں سے سرینگر ریلوے نیوٹ ورک جلد فعال بنایا جائے گا اور اس سے نہ صرف مسافرین کو سفر میں آسانی ہوگی بلکہ یہاں سے درآمد کیے جانے والے مختلف اقسام کے میوہ جات اور معدنیات کو ملک کی دوسری ریاستوں تک پہنچانے میں بھی کافی آسانی ہوگی جس سے یہاں کے مقامی کسانوں کو کافی فائدہ حاصل ہوگا۔
مزید پڑھیں: کشمیر : 150 دنوں بعد سری نگر تا بانہال ریل خدمات بحال
اشوانی ویشنوو نے کہا کہ مستقبل میں بھارتی ریلوے نیٹورک کو شمالی کشمیر کے کپوارہ اور سرحدی قصبہ اوڑی تک لے جانے کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔