بارہمولہ (جموں و کشمیر) : شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے گنگل، جھولن علاقے میں پولیس نے دو منشیات فروشوں کو گرفتار کر کے ان کی تحویل سے منشیات بر آمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ای ٹی وی بھارت کو ملی اطلاعات کے مطابق گنگل، جھولن علاقے میں جموں و کشمیر پولیس نے ناکہ قائم کیا جس دوران دو افراد، جو مشتبہ حالت میں گھرم رہے تھے، کو روک کر ان کی تلاشی لی گئی۔
پولیس بیان کے مطابق ان کی تحویل سے 105 گرام چرس بر آمد کی گئی۔ پولیس نے منشیات کو ضبط کرکے دونوں منشیات فروشوں کو حراست میں لے لیا۔ بارہمولہ پولیس نے اس ضمن میں پولیس اسٹیشن اوڑی میں کیس درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔ گرفتار کیے گئے منشیات فروشوں کی شناخت کرامت حسین ولد قربان علی اور صدام حسین ولد صادق حسین ساکنان بنی سیداں کے طور پر ہوئی ہے۔
مقامی باشندوں نے منشیات کے خلاف پولیس کی کارروائیوں کی ستائش کی ہے وہیں پولیس نے بھی معاشرے سے منشیات کا پوری طرح قلع قمع کرنے میں عوام سے تعاون کی اپیل کی ہے۔ واضح رہے کہ دو روز قبل اوڑی کے ہی بونيار، بونیر علاقے میں چار منشیات فروشوں کو گرفتار کیا گیا تھا جبکہ اس سے قبل منشیات فروشوں کو پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت جیل بھیج دیا گیا۔ ادھر، گزشتہ روز آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنز کی ایک تحقیق میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ جموں و کشمیر میں دس لاکھ سے بھی زائد افراد منشیات کے عادی ہو چکے ہیں جن میں زیادہ تر نوجوان شامل ہیں۔