بارہمولہ (جموں کشمیر) : خواتین کو بااختیار بنانے اور انہیں حکومت کی جانب سے وضع کی گئی اسکیموں کے بارے میں روشناس کرانے کی غرض سے جموں و کشمیر کے طول و ارض میں مختلف نوعیت کے پروگرامز کا انعقاد عمل میں لایا جا رہا ہے۔ شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع میں بھی ڈاک بنگلوو سوپور میں بھی اسی نوعیت کا ایک پروگرام منعقد ہوا جس میں سوپور اور اس کے ملحقہ علاقوں کی کئی طالبات نے شرکت کی۔
آگاہی پروگرام کے حاشیہ پر میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے مقامی طالبات نے کہا کہ آج کے ترقی یافتہ اور سائنسی دور میں خواتین ہر ایک شعبے میں اپنا لوہا منوا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں حکومتی سطح پر بھی خواتین خاص کر تعلیم یافتہ خواتین کو مختلف اسکیموں کے ذریعے بااختیار بنانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں جن سے یہاں کی خواتین کو مکمل استفادہ حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔
مزید پڑھیں: پلوامہ میں خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے ایک پروگرام کا انعقاد
طالبات نے ڈی سی بارہمولہ، ڈاکٹر سید سحرش اصغر سمیت دیگر کئی کشمیری خواتین کی مثال پیش کرتے ہوئے کہا: ’’خواتین کسی بھی شعبے میں مردوں سے ہرگز پیچھے نہیں، تاہم یہاں کی خواتین کو چاہئے کہ وہ ہمت اور حوصلہ سے کام لیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی ملک یا قوم کی ترقی اور مستقبل کا دار و مدار نوجوان نسل پر ہی ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں خاص کر خواتین کو بااختیار بنانے میں ہی قوم و ملک کی ترقی مضمر ہے۔