پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے جمعہ کو شمالی ضلع بارہمولہ کے دورے کے دوران پارٹی کارکنان اور رہنماؤں کے ساتھ ایک میٹنگ کی۔
محبوبہ مفتی نے دفعہ 35 اے اور 370 کے دفاع پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ’’موجودہ ریاستی صورتحال میں انتخابات میں حصہ لینا یا انتخابات منعقد کرانے سے زیادہ ضروری ریاست کے تشخص کی حفاظت کرنا ہے۔‘‘
ان کا کہنا ہے کہ ریاست میں انتخابات کے بعد کسی نہ کسی کی حکومت تو آئے گی ہی، کوئی نہ کوئی سیاسی جماعت برسراقتدار آہی جائے گی تاہم اس وقت سبھی مین اسٹریم سیاسی جماعتوں کا متحد ہونا ناگزیر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کی آئین کی دفعہ 35 اے کے ذریعے کشمیر کو خصوصی درجہ حاصل ہے اس لیے سبھی مین اسٹریم جماعتوں کو اس کی حفاظت کرنی ہوگی تبھی بھارت کے آئین کی حفاظت ہو سکے گی۔‘‘