اوڑی: شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے سرحدی علاقے اوڑی کے سل پتھر ناملا علاقے میں بھاری برف باری کی وجہ سے رابطہ سڑک بند ہو گئی ہے۔ جس وجہ سے ایک بیمار خاتون اور اس کے جڑواں بچوں کو علاج کے لئے چارپائی پر اٹھا کر گھر پہنچایا گیا۔ اطلاع کے مطابق چند روز قبل ہوئی برف باری کی وجہ سے اوڑی میں بہت ساری سڑکیں بند ہو گئی تھی۔ اسی درمیان آج اوڑی کے ناملا سل پتھر علاقے میں سڑک بند ہونے کی وجہ سے ایک بیمار خاتون اور اس کے جڑواں بچوں کو دو کلو میٹر تک چارپائی پر اٹھا کر لے جایا گیا۔
اس معاملے پر ایک مقامی شخص نے بتایا کہ ہمارے علاقے میں ابھی تک برف نہیں ہٹائی گئی ہے۔ جس کی وجہ سے سڑک بند ہے۔ آج ہم نے ایک خاتون کو چارپائی پر اٹھا کر گھر تک لایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے انتظامیہ اور محکمہ پی ایم جی ایس آئی کے دفتر کے چکر بھی کاٹے لیکن ابھی تک ہمارے علاقہ میں برف نہیں ہٹایا گیا ہے۔ ہم انتظامیہ اور ڈپٹی کمشنر بارہمولہ سے گزارش کرتے ہیں کہ اس مسئلہ کی طرف توجہ دی جائے۔
وہیں اس معاملے پر محکمہ پی ایم جی ایس آئی کے ایک عہدیدار نے کہا کہ اس سڑک پر ابھی کام چل رہا ہے۔ ابھی یہ سڑک مکمل نہیں کی گئی ہے، جہاں تک برف کا سوال ہے تو آدھی سڑک پر پر ہم نے برف ہٹا دی تھی اور آدھی پر رہ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پوری کوشش کریں گے کہ کل تک یہاں کی رابطہ سڑک صاف کر دی جائے۔