بارہمولہ (جموں و کشمیر) : شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں تین روز سے لاپتہ ایک شخص کی لاش ہفتہ کو دریائے جہلم سے برآمد کی گئی۔ پولیس ذرائع کے مطابق کھڈانیار، بارہمولہ کے قریب دریائے جہلم میں کچھ راہگیروں کو ایک لاش نظر آئی جس کے بعد انہوں نے فوری طور پر پولیس کو مطلع کیا۔ پولیس کی ایک ٹیم جائے واردات پر پہنچی اور لاش کو مقامی لوگوں کی مدد سے بازیاب کرکے اپنی تحویل میں لے لیا۔
بارہمولہ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے دوران معلوم ہوا ہے کہ متوفی راجندر سنگھ ولد راجو ساکنہ سنگری کالونی، بارہمولہ چند دنوں سے لاپتہ تھا۔ ایک پولیس آفیسر نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ میت کو فوری طور پر طبی و قانونی لوازمات کے لیے طبی مرکز بھیج دیا گیا ہے اور اس ضمن میں مزید تحقیقات جاری ہے۔ پولیس افسر نے مزید کہا کہ لوازمات کی تکمیل کے بعد ہی میت کو آخری رسومات کی انجام دہی کے لیے لواحقین کے سپرد کر دیا جائے گا۔
بتا دیں کہ بارہمولہ اور اس کے گرد و نواح میں گزشتہ چند ماہ سے اس قسم کے کئی واقعات رونما ہوئے ہیں۔ دریائے جہلم سے متعدد افراد کی لاشیں حالیہ دنوں برآمد کی گئی ہیں۔ چند روز قبل ہی ضلع کے سوپور علاقے میں لاپتہ ہوئے ایک غیر مقامی مزدور کی لاش برآمد ہوئی تھی۔ لاپتہ ہوئے غیر مقامی شخص کے دیگر ساتھیوں نے گمشدہ ہونے کی رپورٹ درج کرائی تھی، رپورٹ درج کرانے کے دو دن بعد اس کی لاش دریائے جہلم سے برآمد ہوئی تھی۔ دریں اثناء، بعض اوقات عدم شناخت اور بوسیدہ لاشیں بھی برآمد ہوتی ہیں۔
مزید پڑھیں: Dead Body Retrieved From Jhelum: لاپتہ غیر مقامی نوجوان کی لاش جہلم سے بازیاب