بارہمولہ: شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کی رہائشی - ویل چیئر باسکٹ بال کھلاڑی عشرت اختر کا والہانہ استقبال کرتے ہوئے ڈی سی بارہمولہ سید سحرش اصغر نے عشرت کو ’’رول ماڈل‘‘ قرار دیا۔ عشرت اختر نے حال ہی میں ایک اور بین الاقوامی ویل چیئر باسکٹ بال ٹورنامنٹ میں نمائندگی کی۔ ٹیم انڈیا نے اس مقابلہ میں چاندی کا تمغہ حاصل کیا ہے۔DC Baramulla Felicitated Wheel Chair Basketball Player Ishrat Akhtar
عشرت حسین کے اعزاز میں بارہمولہ میں ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں ڈی سی بارہمولہ نے عشرت کی حوصلہ افزائی کی اور انہیں مبارک باد پیش کی۔ اس موقع پر سیول انتظامیہ سمیت جموں و کشمیر پولیس کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے ڈی سی بارہمولہ نے کہا: ’’عشرت نے جموں و کشمیر خصوصاً بارہمولہ ضلع نام روشن کیا ہے۔‘‘ ڈی سی بارہمولہ نے عشرت سمیت جسمانی طور خاص دیگر کھلاڑیوں کو ہر طرح کی ممکن مدد فراہم کیے جانے کی یقین دہانی کی۔
ادھر، عشرت نے انتظامیہ کی جانب سے ان کی حوصلہ افزائی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا: ’’عالمی سطح پر ملک کی نمائندگی کرنا یقیناً ایک انتہائی مسرت کا موقع ہے اور ٹورنامنٹ میں دوسری پوزیشن حاصل کرنا باعث افتخار ہے۔‘‘ انہوں نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ اس مقام تک پہنچنے کے لیے انہوں نے کافی مشقت کی ہے۔ عشرت کا کہنا ہے کہ بارہمولہ میں پریکٹس کورٹ نہ ہونے کے سبب انہیں ہر روز سرینگر کا سفر کرنا پڑتا ہے جو ان کے لیے باعث پریشان ہے۔
ڈی سی بارہمولہ نے ایک مقامی ہائر اسکنڈری اسکول میں جسمانی طور خاص افراد کے لیے جلد ہی ایک باسکٹ بال کورٹ تعمیر کیے جانے کی یقین دہانی کی۔