بارہمولہ: جموں و کشمیر وقف بورڈ کی چیئرپرسن ڈاکٹر درخشان اندرابی نے شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے عوامی وفود سے ملاقات کی، جبکہ ان کے ہمراہ وقف بورڈ کے دیگر افسران اور بی جے پی لیڈران و کارکنان بھی موجود تھے۔ اس دوران انہوں نے رفیع آباد، نادی حل کا دورہ کیا اور وہاں کی معروف زیارت حضرت سید مالک صاحب بخاری رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔
میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے ڈاکٹر درخشان اندرابی نے کہا کہ بارہمولہ کے رفیع آباد کا دورہ بھی ان کی وادی کشمیر کے میں موجود زیارت گاہوں کا دورہ کرنے کی ایک کڑی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’’وقف بورڈ کی کوشش ہے کہ کشمیر کے طول و ارض میں وقف بورڈ ہر زیارت گاہ کو اپنی تحویل میں لے تاکہ ان کی دیکھ ریکھ کی جا سکے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’’ہمارا مقصد ہے کہ لوگ ان زیارت گاہوں میں زیادہ سے زیادہ آسکیں اور زیارت سے شرفیاب ہو سکیں۔ علاوہ ازیں یہاں آنے والے عقیدت مندوں کو کسی بھی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے جبکہ زیارت گاہ کی بھی مکمل اور صحیح طریقے سے دیکھ ریکھ انجام دی جا سکے۔‘‘ رفیع آباد کے نادی حل کی زیارت شریف میں جاری ترقیاتی کام کے حوالہ سے انہوں نے کہا: ’’یہاں زیارتگاہ پر تسلی بخش کام جاری ہے اور مستقبل میں بھی ہم ہر ایک زیارت گاہ میں ترقیاتی کام انجام دیں گے تاکہ لوگوں کو کسی بھی طرح کی مشکلات نہ ہوں۔‘‘
مزید پڑھیں: Waqf Chairperson Visits Aishmuqam: درخشان اندرابی نے عیشمقام درگاہ کا دورہ کیا
درخشان اندرابی نے دعویٰ کیا کہ جب سے وقف بورڈ وجود میں آیا ہے اور وہ بورڈ کی چیئرپرسن بنی ہیں ’’بورڈ نے زیارگاہوں اور مساجد کی تعمیر و ترقی کے لیے کام انجام دئے جس کی لوگ بھی سراہنا کر رہے ہیں کیونکہ انہیں بھی ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ وقف واقعتاً زمینی سطح پر کام انجام دے رہا ہے۔‘‘ دریں اثناء، رویت ہلال کمیٹی کے حوالہ سے انہوں نے کہا کہ ’’بہت جلد ہم اپنی رویت ہلال کمیٹی تشکیل دینے والے ہیں جو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ ہوگی۔ اور رمضان یا عید کا چاند دیکھنے میں ہم دوسروں کے محتاج نہ رہیں۔‘‘