بارہمولہ: شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے اپنے دورے کے دوسرے دن جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ چیف جسٹس این کوٹیشور سنگھ نے آج ون اسٹاپ سینٹر خواجہ باغ کا دورہ کرتے ہوئے کام کاج کا جائزہ لیا۔ چیف جسٹس کے ساتھ رجسٹرار جنرل شہزاد عظیم، چیف جسٹس کے پرنسپل سکریٹری مہندر کمار شرما، ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس شمالی کشمیر وویک گپتا، سینیئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس بارہمولہ امود اشوک ناگپورے کے علاوہ تمام متعلقہ محکموں کے عہدیداران موجود تھے۔
اس دوران چیف جسٹس نے متاثرہ خواتین سے بات چیت کی اور ان کے مسائل کا جائزہ لیا۔ انہوں نے گھریلو تشدد کا سامنا کرنے والی خواتین کی کامیابی کی مختلف کہانیوں کا بھی جائزہ لیا۔ اس دوران انہیں کئی معلومات سے بھی آگاہ کیا گیا۔ بارہمولہ میں او ایس سی کے پاس 236 مقدمات درج ہیں۔ درج مقدمات مختلف نوعیت کے ہیں، جن میں گھریلو تشدد، ہیومن ٹریفکنگ، طلاق، بلیک میلنگ اور دیگر مسئلے شامل ہیں۔
اس دوران چیف جسٹس سینٹر کے کام سے مطمئن ہونے اور ضلع انتظامیہ کو مشاعرہ دیا کہ جو بھی خواتین کے مسئلے و مسائل ہیں، ان کو ترجیح دی جائے اور جو بھی مقدمے ہیں۔ ان کو حل کیا جائے۔ چیف جسٹس نے اسٹاف کے ساتھ الگ الگ بات چیت کی اور سینٹر کے کام کاج کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ سنٹرز کے کام کے دوران انہیں درپیش مختلف مسائل کا بھی جائزہ لیا۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے چیف جسٹس نے کہا کہ خواتین کی ترقی اور بہبودی کے لئے مختلف اقدامات شروع کرنے کی ضرورت ہے اور خاص طور پر گھریلو تشدد کا شکار خواتین کے لئے بڑے پیمانے پہ تربیتی پروگرام کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس اقدام کا مقصد خاندانوں میں تنازعات کو روکنا اور خواتین کے خلاف تشدد کو روکنا ہے۔انہوں نے کہا کہ بارہمولہ کی خواتین کی فلاح و بہبود کو بہتر بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خواتین کو بااختیار بنانے کے لے کافی کام کرنے کی ضرورت ہے۔ چیف جسٹس نے افسران کو ضلع بھر میں بڑے پیمانے پر آگاہی مہم چلانے کی تاکید کی تاکہ خواتین اپنے حقوق کو سمجھ سکیں۔
یہ بھی پڑھیں: DC Baramulla Visits One Stop Centre: ڈی سی بارہمولہ نے ون اسٹاپ سینٹر کا دورہ کیا