باںڈی پورہ کے نشاط پارک میں 'مائی ٹاون مائی پرائڈ' پروگرام کے تحت مصوری کے مقابلے کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں طلباء اور طالبات نے حصہ لے کر ماحول اور اپنے آس پاس کی صاف صفائی کا مختلف طریقوں اور رنگوں کے ذریعے اظہار کیا۔
اس موقعے پر کئی ضلعی افسران جن میں میونسپل کونسل چیئرمین، چیف پلاننگ افسر، اور ڈی ڈی سی باںڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد بھی موجود تھے۔
اس موقعے پر ڈی ڈی سی باںڈی پورہ نے ماحول اور اپنے ارد گرد کی صفائی ستھرائی کی اہمیت سے طلباء اور دیگر حاضرین کو روشناس کرایا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ بہت جلد ضلع میں پالتھین بیگس اور دیگر ایسی پلاسٹک اشیاء پر پابندی عائد کی جائے گی جن کا استعمال ایک بار ہی ہو جاتا ہے۔
اس موقعے پر طلباء نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے گھروں کے ساتھ اپنے ٹاؤن کی صفائی ستھرائی میں اپنا ہر قسم کا تعاون فراہم کرتے رہیں گے۔
خیال رہے کہ جموں و کشمیر انتظامیہ کی جانب سے 'بیک ٹو ولیج' پروگرام منعقد کرنے کے بعد انتظامیہ نے شہری اور میونسپل علاقوں میں 'میرا قصبہ میری شان' پروگرام کا آغاز کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نابینا افراد کو خودمختار بنانے کے لیے پروگرام
یہ دو روزہ پروگرام قصبوں میں پیر کے روز سے شروع کیا جا رہا ہے، جس دوران سرکاری افسران میونسپل علاقوں میں رہنے والے لوگوں سے عوامی ملاقات کریں گے۔ اس دوران وہ اپنے تعمیر و تروقی کے مسائل کے متعلق ان کو آگاہ کریں گے۔
اس ضمن میں لیفٹینٹ گورنر منوج سنہا نے تیارویوں کا جائزہ لیا ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ان دو دنوں میں عوامی خدمت فراہمی کیمپ قائم کئے جائیں گے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے دو روزہ پروگرام کے بنیادی مقصد یعنی بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنا کر انہیں قصبوں میں رہنے والی شہری آبادی تک رسائی حاصل کر کے انتظامیہ کو اُن کی دہلیز پر ہی اُن کے مسائل اور شکایات کا ازالہ کرنے پر زور دیا۔