شمالی کشمیر میں ضلع بانڈی پورہ کے سمبل تحصیل اور حاجن قصبہ میں کورونا وائرس سے مقابلہ کرنے والے پولیس اہلکاروں سمیت دیگر فرنٹ لائن واریئرز (Front Line Warriors) کے درمیان انڈین سسٹم آف میڈیسن (آیوش) نے قوت مدافعت کو بڑھانے والی ادویات تقسیم کیں کیونکہ انہیں کورونا سے متاثر ہونے کا ہمیشہ خطرہ لاحق رہتا ہے۔
یہ ادویات سمبلی میں ایک تقریب کے دوران تقسیم کی گئیں۔ سب ڈویژنل مجسٹریٹ سمبل ڈاکٹر بشیر لون نے تعارفی اجلاس میں کووڈ19 وبائی مرض کے دوران قوت مدافعت بڑھانے کی ضرورت و اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ جسم کے قدرتی دفاعی نظام کو بڑھانا زیادہ سے زیادہ صحت کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
اس موقعے پر ڈاکٹر افتخار غازی نے کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے جاری کردہ پروٹوکول کے مطابق اور انڈین سسٹم آف میڈیسن (آئی ایس ایم) جے اینڈ کے کے ہدایت نامے پر عمل کرتے ہوئے انہوں نے یہ پروگرام تشکیل دیا ہے جس کے تحت اس طرح کی مختلف دوائیں کورونا وائرس سے مقابلہ کرنے والے فرنٹ لائن واریئرز میں تقسیم کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ ادویات محکمہ انڈین سسٹم آف میڈیسن کے ذریعے مفت تقسیم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع بھر میں ریڈ زون اور بفر زون علاقوں میں سات ہزار سے زائد ایسی ادویات پہلے ہی تقسیم کی جا چکی ہیں۔
پروگرام میں سب ڈویژنل مجسٹریٹ سمبل ڈاکٹر بشیر لون، ڈویژنل نوڈل آفیسر ڈاکٹر افتخار غازی، بی ایم او حاجن ڈاکٹر اعجاز احمد، ایس ایچ او سمبل منیب السلام، ایس ایچ او حاجن اور ضلع کے دیگر عہدیداران نے بھی شرکت کی۔