ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ رویندر کمار نے سب ضلع سمبل سونواری میں مختلف قرنطینہ مراکز کا دورہ کیا اور وہاں انتظامات کا جائزہ لیا۔
رویندر کمار (آئی اے ایس) نے سب ضلع سمبل میں موجود کئی قرنطینہ مراکز کا دورہ کیا اور کورونا وائرس کی روک تھام کے سلسلے میں سمبل سوناواری میں کیے جا رہے انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔ اس دوران ان کے ہمراہ ضلع انتظامیہ بانڈی پورہ کے کئی افسران بھی موجود تھے۔
قرنطینہ مراکز کا جائزہ لینے کے بعد انہوں نے ڈاک بنگلو سمبل میں مختلف وفود کے ساتھ ملاقات کی جس دوران انہوں نے سب ضلع سمبل میں عوام کو درپیش مسائل پر ان کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔ اس کے علاوہ ضلع ترقیاتی کمشنر نے ٹریڈرس فیڈریشن سمبل کے نمائندگان سے بھی ملاقات کی اور لاک ڈاؤن کے حوالے سے ان کی جانب سے اٹھائے گئے مختلف سوالات کا جواب دیا۔
قابل ذکر ہے کہ رویندر کمار نے حال ہی میں بانڈی پورہ میں بحیثیت ضلع ترقیاتی کمشنر کے اپنا عہدہ سنبھالا، اس سے قبل شہباز احمد مرزا ضلع بانڈی کے ڈپٹی کمشنر تھے۔ رویندر کمار کا یہ سمبل سب ضلع کا پہلا دورہ ہے۔