سرینگر کے اولڈ سیکریٹریٹ میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران صوبائی کمشنر کشمیر پانڈورنگ کے پولے نے شعبہ صحت خاص کر کورونا ویکسین مہم میں قابل تحسین خدمات انجام دینے پر بی ایم او بانڈی پورہ، ڈاکٹر مسرت کو اعزازی سند سے نوازا۔
تقریب میں ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر ڈائریکٹر این ایچ ایم محمد یاسین چودھری کے علاوہ محکمہ صحت کے کئی دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔
ڈاکٹر مسرت نے اعزاز کا سہرا ان سینکڑوں ہیلتھ ورکرس (وارئیرس) کے سر باندھا جنہوں نے میلوں کا سفر پیدل طے کر ہزاروں افراد کو کورونا مخالف ویکسین کے ٹیکے لگائے۔
کووڈ کے ابتدائی ایام میں ڈاکٹر مسرت بانڈی پورہ کے حاجن علاقے میں تعینات تھے جہاں کے گنڈ جہانگیر نامی علاقے کو عالمی وبا کے متعدد مثبت معاملات کے سبب ’’ووہان‘‘ کہا جانے لگا تاہم ان کی خصوصی محنت کے سبب وبا پر قلیل مدت میں ہی قابو پا لیا گیا۔ جبکہ بانڈی پورہ میں انکی تعیناتی کے دوران ضلع کے دور دراز اور پہاڑی علاقہ ووین کی 18سال سے زائد عمر کی صد فیصد آبادی کو کورونا مخالف ویکسین فراہم کی گئی۔
مزید پڑھیں؛ وبا کے دوران89 خواتین کی ڈیلیوری کروانے والی شمشادہ بانو
قابل ذکر ہے کہ ووین علاقہ ہندوستان بھر میں پہلا ایسا علاقہ ہے جہاں کی صد فیصد آبادی کو کورونا مخالف ویکسین فراہم کی گئی ہے۔ ڈاکٹر مسرت کو عالمی وبا کے دوران قابل تقلید خدمات انجام دینے پر ایوارڈ سے نوزا گیا۔