شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کے حاجن علاقے میں غیر قانونی طور سرکاری اراضی پر لگائے گئے درختوں کو کاٹنے کا سلسلہ جاری ہے۔
حاجن تحصیل کے مختلف علاقوں میں سرکاری اراضی اور کاہچرائی پر غیر قانونی طور کیے گئے قبضے کو ہٹایا جا رہا ہے۔ اس ضمن میں تحصیلدار حاجن کی سربراہی میں ایک ٹیم نے حاجن کے مختلف علاقوں میں سرکاری اراضی پر لگائے گئے درختوں کا صفایا کیا جا رہا ہے اور یہ سلسلہ جاری ہے۔
اس سے قبل بھی تحصیلدار نے کئی دیہات میں سرکاری اراضی پر تعمیر کئے گئے ڈھانچوں کو ہٹا کر سرکاری اراضی کو ناجائز قبضے سے آزاد کیا تھا۔
پیر کو مرکنڈل سوناواری میں انہوں نے کئی علاقوں کا دورہ کیا اور اس دوران انہوں نے سرکاری اراضی پر غیر قانونی طور پر لگائے گئے درختوں کا صفایا کیا۔
انہوں نے بتایا کہ ضلع انتظامیہ کی جانب سے پہلے ہی لوگوں کو سرکاری اراضی پر لگائے گئے درختوں کو از خود کاٹنے کی نوٹس بھیج دی گئی تھی۔ تاہم ان کے مطابق لوگوں کی جانب سے ایسا نہ کیے جانے کے بعد انتظامیہ کی جانب سے اراضی کو بازیاب کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے سرکاری اراضی پر سے قبضہ کو از خود خالی کرنے کی عوام سے اپیل کی ’’وگرنہ ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔‘‘