شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کے سمبل سوناواری میں کورونا وائرس کے سلسلے میں جاری لاک ڈاؤن میں انتظامیہ کی جانب سے کی گئی نرمی کا لوگوں نے خیر مقدم کیا ہے اور اس سے تاجر برادری، ٹرانسپورٹرس اور دیگر طبقات کے لئے ایک بہتر قدم سے تعبیر کیا ہے۔ تاہم لوگوں کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کا مطلب قطعاً یہ نہیں ہے کہ خطرہ ٹل چکا ہے بلکہ احتیاطی تدابیر پر مسلسل عمل کرنے کی ضرورت ہے تاکہ اس وبائی صورتحال پر قابو پایا جاسکے۔
خیال رہے جموں و کشمیر حکومت نے اتوار کے روز جموں و کشمیر میں کنٹینمنٹ زون کے باہر لاک ڈاؤن کے حوالے سے رہنما خطوط میں نرمی کا حکم صادر کیا تھا اور اس میں نرمی کا اعلان کیا ہے جس کے بعد مختلف سرگرمیاں بحال ہوئی ہیں۔ تاہم تعلیمی ادارے ہنوز بند پڑے ہیں۔
ادھر زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے انتظامیہ کے اس اقدام کی سراہنا کی ہے اور اسے ایک خوش آئند اقدام قرار دیا۔
ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے مختلف لوگوں نے لاک ڈاؤن میں نرمی کے حوالے سے اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ کا یہ قدم مختلف طبقات کے لئے ایک بہترین فیصلہ ہے تاہم انہوں نے لوگوں سے کورونا وائرس کے حوالے سے جاری ایس او پیز کا برابر خیال رکھنے کی اپیل کی۔