شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کے حاجن سوناواری علاقہ میں پولیس نے ایک نوجوان صحافی کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ حاجن پولیس نے علاقہ کے متعلقہ تحصیلدار کی شکایت پر نوجوان صحافی سجاد گل پر دفعہ 147، 447، اور 353 کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق نو فروری کو صحافی نے ایک نجی نیوز پورٹل پر تحصیلدار حاجن سوناواری کی جانب سے انہدامی کاروائی کے متعلق ایک خبر شائع تھی۔ اس میں لوگوں نے صحافی کو بتایا تھا کہ حاجن سوناواری کے تحصیلدار نے غیر قانونی تعمیرات کے خلاف انہدامی کاروائی کے بہانے انہیں مبینہ طور پر ہراساں کیا۔
سجاد گل کے مطابق انہوں نے ایک صحافی ہونے کے ناطے اپنا فرض نبھایا اور خبر کے ذریعہ لوگوں کی جانب سے تحصیلدار پر لگائے گئے الزامات کو جگہ تھی اور اس کے ساتھ ساتھ متعلقہ تحصیلدار کا جوابی بیان بھی خبر میں تحریر کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: بانڈی پورہ میں روڈ سیفٹی ماہ اختتام پذیر
خبر کے شائع ہونے کے چند روز بعد انہیں بتایا گیا کہ ان کے خلاف ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ سجاد گل ایک آذاد صحافی ہیں اور کئی میڈیا اداروں کے ساتھ آزاد صحافی کے طور کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کشمیر پریس کلب کو ایک خط لکھا جس میں انہوں نے تحصیلدار حاجن پرا کی جانب سے انہیں ہراساں کرنے کے الزامات عائد کیے۔
ادھر، کشمیر پریس نے اس حوالے سے ایک بیان جاری کرتے ہوئے اس معاملے پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور متعلقہ کمشنر اور پولیس کے اعلیٰ افسران سے اس حوالے سے مداخلت کی اپیل کی ہے۔