مائی ٹاؤن مائی پرایڈ پروگرام کی کامیابی کے بعد ضلع انتظامیہ بانڈی پورہ اس شہر کے لئے 1960 کے اوائل میں تیار کردہ ماسٹر پلان کا جائزہ لے کر بانڈی پورہ قصبے کو ایک نیا فنکارانہ بدلاؤ دینے کے لئے تیار ہے۔
ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد نے کہا کہ ایم ٹی ایم پی پروگرام کے دوران، بانڈی پورہ کے لئے تیار کردہ ماسٹر پلان کی بحالی اور توسیع سمیت متعدد مطالبات سامنے آئے۔ ان میں سے ماسٹر پلان کی بحالی بھی ہے۔ واضح رہے بانڈی پورہ قصبہ میں 1962 میں بڑے پیمانے پر آگ لگی تھی اور پورا پلان جل گیا تھا۔
ڈی سی بانڈی پورہ نے ہفتے کے روز جوائنٹ ڈائریکٹر پلاننگ امتیاز احمد، چیئرمین میونسپل کونسل بانڈی پورہ بشارت احمد اور ٹاؤن پلانرز اور آرکیٹیکٹس کی ایک ٹیم کے ہمراہ زمینی صورتحال کا جائزہ لینے اور رائے حاصل کرنے کے لئے بانڈی پورہ ٹاون کا ایک وسیع دورہ کیا۔
اس موقع پر ڈاکٹر اویس نے کہا کہ شہر کی فضا کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ شہر کے ماحول کو خوبصورت بنانے پر بھی زور دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سونر وانی پل سے کلوسا پل تک واک وے کی تعمیر کی تجویز زیر غور ہے جو شہر کے سب سے بڑے پُرکشش مراکز میں سے ایک بن جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ شہر کے نکاسی آب کے نظام کو بڑھانے کے لئے متعدد دیگر منصوبے بھی پائپ لائن میں ہیں۔ ڈاکٹر اویس نے مزید کہا کہ اب وقت کی ضرورت ہے کہ مارکیٹ کے علاقے کے لئے پارکنگ کی مناسب سہولیات فراہم کی جائے تاکہ ہجوم کو کم کیا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ میونسپل کونسل بانڈی پورہ مارکیٹ میں سنگل یوز پولیتھین کے استعمال پر عائد پابندی پر سختی سے عمل درآمد کر رہی ہے۔ ضلع کے تمام قصبوں میں متعدد مارکیٹ چیکنگ ٹیمیں تعینات کی گئیں ہیں جنہوں نے معمول کے مطابق مارکیٹ چیکنگ کے علاوہ بھاری مقدار میں واحد استعمال پلاسٹک بھی قبضے میں لے لیا ہے۔