گوہاٹی: آسام سے بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) کے رکن اسمبلی نے این سی ای آر ٹی کے نصاب سے مغل تاریخ کے ابواب کو ہٹائے جانے پر جاری تنازعہ کے درمیان ایک متنازع بیان دیا ہے۔ ماریانی اسمبلی حلقہ سے بی جے پی کے رکن اسمبلی روپ جیوتی کرمی نے تاج محل اور قطب مینار کو گرانے اور وہاں مندر بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ روپ جیوتی کرمی نے منگل کو آسام اسمبلی کے سامنے مغل تاریخ کے بارے میں تبصرہ کیا۔ ایم ایل اے کرمی نے این سی ای آر ٹی کے نصاب سے مغل تاریخ کے کچھ حصوں کو ہٹائے جانےکی حمایت کی۔ انہوں نے مغلیہ سلطنت کی یادگاروں قطب مینار اور تاج محل کو گرانے کا بھی مطالبہ کیا۔ ایم ایل اے نے ان دونوں یادگاروں کو منہدم کرکے ان مقامات پر بڑے مندروں کی تعمیر کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود اپنی ایک سال کی تنخواہ مندروں کی تعمیر کے لیے عطیہ کریں گے۔
ایم ایل اے کرمی نے بدھ کو میڈیا کے سامنے شاہجہاں اور ان کی بیگم ممتاز سے متعلق بھی متنازع بیان دیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر تاج محل ممتاز کی محبت اور یاد میں بنایا گیا تو پھر انہوں نے (شاہجہاں) تین دیگر خواتین سے شادی کیوں کی۔۔۔؟ انہوں نے یہ بھی کہا کہ شاہجہاں اور ممتاز کی محبت کی تحقیقات ہونی چاہیے۔ ایک وکیل نے ایم ایل اے روپ جیوتی کرمی کے خلاف تاج محل اور مغل شہنشاہ شاہجہاں کے بارے میں ان کے تبصرے کے لیے گوہاٹی کے لتاشیل پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کرایا ہے۔ گوہاٹی ہائی کورٹ کے وکیل تاج الدین احمد نے روپ جیوتی کرمی کے اس طرح کے ریمارکس کو ملک مخالف بیان قرار دیا ہے۔ ایڈوکیٹ احمد نے لتاشیل پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کرائی ہے اور روپ جیوتی کے ریمارکس پر مشتمل ایک سی ڈی بھی پیش کی ہے۔ وکیل نے ایم ایل اے کے خلاف مناسب کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: BJP MP Diya Kumari on Taj Mahal: تاج محل پر بی جے پی رہنما دیا کماری کا متنازع دعویٰ