ریاست اروناچل پردیش میں ایک ہی دن میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ 75 نئے معاملوں کے سامنے آنے کے ساتھ ریاست میں متاثرہ افراد کی تعداد 462 ہوگئی۔
ڈائریکٹوریٹ آف ہیلتھ سروس نے بدھ کے روز سویرے جاری ایک بلیٹن میں کہا ہے کہ ریاست میں منگل کے روز کورونا وائرس کے سب سے زیادہ معاملے سامنے آئے ہيں۔
ان میں سے 49 ایٹانگر کیپیٹل کمپلیکس سے، 12 ایسٹ سیانگ سے، پانچ لیپا راڈا سے، تین نمسائی سے، دو لوئر دیبانگ سے ، چانکلونگ سے، اور لاگنگ، سیانگ وترپ سے ایک معاملے سامنے آئے ہيں۔
نئے مریضوں میں سے 64 میں کورونا وائرس کی کوئی علامت نمودار نہیں ہوئي ہے، جبکہ 11 میں کورونا وائرس کی علامتوں کی تصدیق ہوگئی ہے۔
بلیٹن کے مطابق کووڈ۔19 کے آٹھ مریضوں کو لگاتار دو ٹیسٹ رپورٹ منفی آنے کے بعد ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گيا ہے اور انہیں مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ 14 دن تک گھر پر قرنطینہ میں از خود نگرانی میں رہیں۔
واضح رہے کہ ریاست کا کیپیل کمپلیکس علاقہ سب سے زیادہ کورونا وائرس سے متاثر ہواہے، یہاں کووڈ-19 کے 218 معاملے ریکارڈ کیے گئے ہیں اور ان میں سے 193 زیر علاج ہیں، جبکہ 24 مریضوں کو شفایابی کے بعد ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا ہے اور ایک مریض کی اس وائرس کے انفیکشن کے باعث موت ہوئی ہے۔
ریاست کے وزیراعلیٰ پیما کھانڈو نے کہا کہ حکومت نے یہاں چمپو میں نوتعمیر شدہ ایم ایل اے اپارٹمنٹ میں ایک کووڈ-19 ہسپتال کے قیام کو منظوری دے دی ہے۔
مسٹر کھانڈو نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا کہ 'آج ایم ایل اے اپارٹمنٹز میں کووڈ-19 ہسپتال کے قیام کی منظوری دی گئی ہے'۔
انہوں نے کہا کہ 'میں تمام اراکین اسمبلی کا اس نیک مقصد میں تعاون کرنے پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں'۔
ریاست میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 462 ہوگئی ہے، جس میں سے 306 مریض زیر علاج ہیں، 153 مریضوں کو ہسپتال سے ڈسچارج کیا گیا ہے اور اب تک ان میں سے تین مریض اس جان لیوا وائرس کے انفیکشن سے ہلاک ہوچکے ہیں۔