پولیس نے حکمران جماعت وائی ایس آر کانگریس کے لیڈر و اگری کلچرل مارکٹ یارڈ کے صدرنشین ایم بھاسکر راؤ کے قتل کے معاملہ میں 3 افراد بشمول اصل ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔
اصل ملزم سی چنا نے پولیس کو بتایا کہ سابق وزیر اس معاملہ میں ملوث ہیں۔ پولیس نے سابق وزیر کے رویندر کی گرفتاری کی توثیق کی۔ 57 سالہ بھاسکر راؤ کو 29جون کو دن دہاڑے چاقو مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا جب وہ مچھلی پٹنم میں کونیرو سنٹر کے قریب مچھلی مارکٹ کے تعمیری کاموں کا معائنہ کررہے تھے۔
شدید زخمی حالت میں ان کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں علاج کے دوران ان کی موت ہوگئی۔ ان کے رشتہ داروں نے الزام لگایا کہ کے رویندر اس قتل کے معاملہ میں ملوث ہیں کیونکہ اصل ملزم سی چنا ان کے قریبی ساتھی ہیں۔
اس واردات کے اندرون چند گھنٹے پولیس نے ملزم کی نشاندہی سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعہ کی جس میں دکھایا گیا کہ وہ بائیک پر نابالغ لڑکے کے ساتھ فرار ہورہا ہے۔ پولیس نے ایک دن بعد اس کو گرفتار کرلیا۔
مچھلی پٹنم کے ایس پی محبوب باشاہ نے کہا کہ پانچ افراد جنہوں نے قتل کیا ان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ پولیس نے کے رویندر کو گرفتار کرنے کی کوشش کی تاہم وہ تب تک شہر چھوڑ کر چلے گئے تھے۔ کے رویندر اور بھاسکر ایک دوسرے کے حریف تھے۔
پولیس نے رویند کے ویزاگ چھوڑنے کی ایک اطلاع پر گاڑیوں کاپیچھا کیا اور کے رویندر کو گرفتار کرلیا۔ اس قتل کے پیچھے کی وجہ سیاسی مخاصمت تھی ۔ڈی ایس پی باشاہ نے کہا کہ کے رویندر کی ایما پر ہی چنا نے بھاسکر راؤ کا قتل کیا۔