آندھرا پردیش سے ایک حیران کُن معاملہ منظر عام پر آیا ہے۔ یہاں چند خواتین نے ایک کتے کے خلاف مقدمہ درج کرواتے ہوئے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ کتے کے خلاف کارروائی کی جائے۔ خاتون کے مطابق کتے نے آندھرا پردیش کے وزیر اعلی کی تصویر والا پوسٹر پھاڑ دیا۔ اس لیے کتے کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔ دراصل آندھرا پردیش کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے۔ ویڈیو میں ایک کتا اپنے دانتوں سے دیوار پر چسپاں پوسٹر کھینچتا نظر آ رہا ہے۔ پوسٹر پر آندھرا پردیش کے وزیر اعلی جگن موہن ریڈی کی تصویر ہے۔ ویڈیو کے تعلق سے تیلگو دیشم پارٹی کی خاتون لیڈر داساری ادے شری نے وجے واڑہ پولیس اسٹیشن میں کتے کے خلاف مقدمہ درج کرائی اور کتے کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔
چند روز قبل ایک رپورٹ سامنے آئی تھی جس میں بتایا گیا تھا کہ ملک میں کس وزیر اعلیٰ کے پاس کتنا پیسہ ہے؟ رپورٹ کے مطابق آندھرا پردیش کے وزیر اعلی وائی ایس جگن موہن ریڈی سب سے امیر ہیں۔ جبکہ مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے پاس سب سے کم اثاثے ہیں۔ وزرائے اعلیٰ کے اثاثوں کے بارے میں یہ معلومات ایسوسی ایشن فار ڈیموکریٹک ریفارمز کی رپورٹ میں سامنے آئی ہے۔اس رپورٹ میں 28 ریاستوں اور دو مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے وزرائے اعلیٰ کے اثاثوں کی تفصیلات دی گئی ہیں۔ یہ رپورٹ الیکشن کے دوران داخل کیے گئے حلف نامے کی بنیاد پر تیار کی گئی ہے۔ بتایا گیا کہ آندھرا پردیش کے وزیر اعلی وائی ایس جگن موہن ریڈی کے پاس 510.38 کروڑ روپے سے زیادہ کی جائیداد ہے۔ ان پر تقریباً دو کروڑ روپے کا قرض ہے۔
دوسرے نمبر پر اروناچل پردیش کے سی ایم پیما کھانڈو ہیں جن کے پاس 163.50 کروڑ روپے سے زیادہ کی جائیداد ہے۔ تیسرے نمبر پر اڈیشہ کے وزیر اعلیٰ نوین پٹنائک ہیں، جو 63.87 کروڑ روپے کے اثاثوں کے مالک ہیں۔ اے ڈی آر نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ ملک کے 30 میں سے 29 وزرائے اعلیٰ کروڑ پتی ہیں۔ ان میں سے 18 وزرائے اعلیٰ ہیں جن کے اثاثے 1 سے 10 کروڑ روپے کے درمیان ہیں۔ ساتھ ہی 8 وزرائے اعلیٰ کے اثاثے 10 سے 50 کروڑ کے درمیان ہیں۔ جبکہ تین وزرائے اعلیٰ ایسے ہیں جو 50 کروڑ روپے سے زیادہ کے اثاثوں کے مالک ہیں۔
مزید پڑھیں: کتے کی موت پر بارہویں کی تقریب
کس وزیراعلیٰ کی کتنی جائیداد ہے؟ اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ سب سے زیادہ اثاثوں کے معاملے میں 26 ویں نمبر پر ہیں۔ سی ایم یوگی 1.54 کروڑ روپے کے اثاثوں کے مالک ہیں۔ بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے پاس تین کروڑ روپے سے زیادہ کے اثاثے ہیں۔ اسی وقت، دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کے پاس 3.44 کروڑ روپے کے اثاثے ہیں۔