آندھرا پردیش کی اصل اپوزیشن جماعت تلگودیشم کے دو حامیوں کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔
وشاکھاپٹنم میں نالندہ کشور نامی شخص کو آج صبح کی اولین ساعتوں میں سی آئی ڈی نے گرفتار کرلیا۔
سوشیل میڈیا میں سیاسی پوسٹ کو فارورڈ کرنے پر ان کو گرفتار کیا گیا۔ کشور کے اراکین خاندان نے الزام لگایا کہ اگرچہ کہ انہوں نے ان کو گرفتار کرنے کے لئے پہنچے سی آئی ڈی کے عہدیداروں سے صحت کی خرابی کی شکایت کرتے ہوئے صبح میں سی آئی ڈی کے دفتر آنے کی اجازت مانگی تاہم سی آئی ڈی نے ان کی ایک بھی بات نہیں سنی۔
سیاسی حلقوں میں یہ بات گشت کررہی ہے کہ نالندہ کشور، ریاست کے سابق وزیر جی سرینواس راؤ کے حامی ہے جس کی وجہ سے ان کی گرفتاری کی گئی ہے۔ سمجھا جاتا ہے کہ سابق وزیر اونتی سرینواس راو، رکن پارلیمنٹ وجئے سائی ریڈی پر کئے گئے اس پوسٹ کو نالندہ کشور نے فارورڈ کیا تھا۔
اس گرفتاری کی اطلاع ملتے ہی سابق وزیر جی سرینواس وشاکھاپٹنم میں واقع سی آئی ڈی کے دفتر پہنچ گئے۔ سی آئی ڈی نے کشور کو منگل گری کورٹ میں پیش کیا۔ اسی دوران ضلع کرشنا کے نندی گاما میں پولیس نے تلگودیشم سوشیل میڈیا کے کارکن کرشنا راؤ کو گرفتار کرلیا۔ بعد ازاں ان کو وجئے واڑہ منتقل کردیاگیا۔