حیدرآباد: ایک چونکا دینے والے واقعہ میں آندھرا پردیش کے ضلع این ٹی آر میں 6 افراد کی جانب سے دلت نوجوان پر مبینہ طور پر حملہ اور اس پر پیشاب کرنے کا واقعہ پیش آیا۔ متاثرہ شخص کی شناخت شیام کمار کے طور پر کی گئی ہے۔ پولیس نے ان 6 افراد کے خلاف ناقابل ضمانت دفعات کے تحت مقدمہ درج کرنے کے بعد ان 6 افراد کو گرفتار کرلیا۔
پولیس عہدیداروں نے کہاکہ دلت نوجوان کو ان ملزمین نے تقریبا 4گھنٹے پکڑ کر اس کی پٹائی کی اور جب اس نے پانی مانگا تو اس پر پیشاب کیاگیا۔ یہ واقعہ اُس وقت منظر عام پر آیا جب تلگودیشم پارٹی کے ایس سی سل نے احتجاج کیا اور سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کردیں۔ اس احتجاج کا اہتمام تلگودیشم ایس سی سل کے صدر ایم ایم ایس راجو نے کیا جنہوں نے کنکاچرلہ کے قریب شاہراہ پر راستہ روک دیا اور دھرنا دیا۔
مزید پڑھیں: گاڑی چرانے کے الزام میں دلت نوجوان کو پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا گیا
احتجاج کرنے والے افراد انصاف کے لئے نعرے لگارہے تھے۔ راجو نے میڈیا کو بتایا کہ جگن کے دور حکومت میں دلتوں پرحملوں کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ شیام کمار پر حکمران جماعت کے حامیوں نے حملہ کیا اور ان کو پولیس اسٹیشن میں ہی ضمانت مل گئی۔ راجو نے کہاکہ ڈاکٹرس نے مشورہ دیا کہ شیام کے جبڑے کا آپریشن کروا یا جائے۔ انہوں نے کہاکہ اس واقعہ کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی ضرورت ہے۔ اسی دوران وجئے واڑہ کے کمشنر پولیس رانا تاتا نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس دلت کے پرانے دوست ہریش ریڈی نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر اس پر حملہ کیا۔
یو این آئی