مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے سب دسٹرکٹ کوکرناگ علاقے کے لوگوں نے برسوں قبل حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ علاقے میں سڑک کی عدم دستیابی سے مقامی لوگوں کو عبور و مرور میں کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ حالانکہ مقامی لوگوں نے کئی بار انتظامیہ کو اس حوالے سے باور بھی کیا تھا کہ علاقہ میں سڑک پر دھول اور مٹی سے علاقہ کے لوگوں کا چلنا پھرنا محال ہوگیا ہے۔ جس کی وجہ سے لوگوں کو آنے جانے میں اور خاص طور سے مقامی علاقے میں رہایش پذیر بزرگوں کے ساتھ ساتھ بچوں کو بھی کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
انتظامیہ نے اس بات کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے لوگوں کو راحت پنہچانے کی غرض سے میکڈامائزیشن کا کام عمل میں لایا۔ لوگوں کے مطابق چار کلومیٹر کی سڑک پر محکمہ آر اینڈ بی کی جانب سے تعمیری کام جاری ہے۔
مقامی لوگوں نے آر اینڈ بی محکمہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہیں میکڈامائزیشن کے عمل سے کافی خوشی ہوئی ہے۔ انہوں نے محکمہ آر اینڈ بی کے کام کاج پر اطمینان جتاتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ سڑک کے کنارے پر ڈرینیج اور باندھ کا قیام بھی عمل میں لایا جائے، تاکہ سڑک بارشوں یا برف باری سے خستہ حالی کی شکار نہ ہو۔
مزید پڑھیں:
جموں میں فوجی افسر کی "خود کشی"
اس ضمن میں جب ای ٹی وی کے نمائندہ نے آر اینڈ بی کے جونیئر اسسٹینٹ افتخار حسین سے بات کی تو انہوں نے کہا کہ' مقامی لوگوں کی دیرینا مانگ تھی کہ علاقہ کی سڑک پر میکڈامائزیشن کا کام عمل میں لایا جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ محکمہ نے لوگوں کی مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے ان کے اس دیرینا مطالبے کو عملی جامہ پہنایا۔ افتخار حسین کا مزید کہنا تھا کہ وہ مقامی لوگوں کے مزید مطالبوں کے تعلق سے اعلیٰ عہدیداروں تک جائیں گے، انہوں نے امید جتائی ہے کہ مقامی لوگوں کے جائز مطالبوں پر ان کا محکمہ سنجیدگی سے اقدامات اٹھائے گا، تاکہ وقت پر ان کا ازالہ ہو سکے۔