اننت ناگ: ضلع اننت ناگ کے کوکرناگ علاقے میں محکمہ مال اور پولیس اسٹیشن لارنو کے باہمی اشتراک سے ہفتہ کی صبح تحصیل لارنو میں تجاوزات کے خلاف کی گئی کارروائی کے دوران غیر قانونی طریقے سے سرکاری اراضی پر تعمیر کیے گئے ڈھانچوں کو منہدم کر دیا گیا۔ معلوم ہوا ہے کہ انہدامی کارروائی کے دوران لارنو تحصیل کے حدود میں آنے والی پانچ کنال سرکاری اراضی کو بازیاب کر لیا گیا۔ State Land Retrieved During Demolition Drive in Kokernag
حکام کے مطابق انہدامی کارروائی کے دوران سرکاری اراضی پر تعمیر کیے گئے متعدد عارضی ڈھانچوں کو منہدم کیا گیا۔ متعلقہ حکام کے مطابق انتظامیہ نے پہلے ہی ان ڈھانچوں کے مالکان کو پیشگی نوٹس ارسال کی تھی تاہم ڈھانچے تعمیر کرنے والے افراد عدم دلچسپی کا مظاہرہ کرتے رہے، جس کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر اننت ناگ نے سب ضلع کوکرناگ کی انتظامیہ کو تجاوزات کے خلاف کارروائی کرنے کے احکامات جاری کئے۔ ایس ڈی ایم کوکرناگ نے اس ضمن میں ایک ٹیم تشکیل دی اور حکم نامے کے تحت ہفتہ کی صبح متعدد ڈھانچوں کو منہدم کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ انہدامی کارروائی کے دوران پانچ کنال سرکاری اراضی کو بازیاب کر لیا گیا۔
مزید پڑھیں: Illegal Construction in Kokernag: کوکرناگ میں انہدامی کارروائی جاری رہے گی، تحصیلدار
تفصیلات فراہم کرتے ہوئے ایس ڈی ایم کوکرناگ نے کہا کہ ’’غیر قانونی تعمیرات کے سلسلے میں ڈی سی اننت ناگ کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے پیش نظر محکمہ مال اور پولیس کی مشترکہ ٹیم نے تجاوزات کو منہدم کرنے کی لئے خصوصی مہم چلائی۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’پہلے مرحلے کے دوران کئی ڈھانچوں کو منہدم کر دیا گیا ہے۔ جبکہ تجاوزات کے خلاف مستقبل میں بھی مہم جاری رہے گی۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’کوکرناگ ماسٹر پلان کی خلاف ورزی کرنے والے کئی ڈھانچوں کی نشاندہی پہلے ہی کی جا چکی ہے اور آنے والے دنوں کے اندر انہیں بھی منہدم کیا جائے گا۔‘‘