بجبہاڑہ، اننت ناگ: جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے بجبہاڑہ علاقے میں آج ایک سڑک حادثے میں ایک شخص کی موت ہو گئی جب کہ دو دیگر زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے بجبہاڑہ علاقے میں ایک دلخراش حادثہ پیش آیا، جہاں پر تیز رفتار گاڑی نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار تین افراد زخمی ہو گئے۔ جب کہ تمام زخمیوں کو علاج کے لیے ایس ڈی ایچ بجبہاڑہ لے جایا گیا جہاں ایک نے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا۔
یہ بھی پڑھیں:
مقتول کی شناخت معراج الدین پارا ولد غلام رسول پارا ساکن سنبل بانڈی پورہ کے طور پر ہوئی ہے۔ زخمیوں کی شناخت وسیم احمد بٹ ولد علی محمد بھٹ اور محمد یاسین پارا ولد بشیر احمد کے طور پر ہوئی ہے جو دونوں سنبل کے رہائشی ہیں۔ ادھر پولیس نے حادثہ کا نوٹس لیتے ہوئے معاملہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی ہے۔
واضح رہے کہ جموں و کشمیر کے دونوں صوبوں میں ہر سال ٹریفک حادثات میں سینکڑوں افراد ہلاک جب کہ متعدد زخمی ہو جاتے ہیں۔ حادثات زیادہ تر سرینگر جموں شاہراہ پر ہی رونما ہوتے ہیں۔ حکام اور ماہرین کے مطابق ٹریفک قوانین سے ناواقفیت اور ان پر عملدرآمد نہ کرنا ٹریفک حادثات کا موجب بنتے ہیں۔ تاہم لوگوں کا ماننا ہے کہ خستہ حال سڑکیں بھی حادثات کا موجب بنتی ہیں۔