پرنسپل سیکریٹری شیلیندر کمار، جنہیں اننت ناگ ضلع کے لیے سرپرست کے طور پر نامزد کیا گیا ہے، نے مرکزی معاونت اور یو ٹی انتظامیہ کی جانب سے جاری کی گئی مختلف اسکیموں کے تحت ضلع میں جاری ترقیاتی کاموں کے پیش رفت کا جائزہ لیا۔
انہوں نے متعلقہ افسران سے کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ تمام ترقیاتی کاموں کو موسم سرما کی آمد سے قبل مکمل کر لیا جائے۔
انہوں نے اگلے مالی سال کے ترقیاتی منصوبوں کی تیاری کے لیے قبل از وقت توجہ مرکوز کرنے پر زور دیا تاکہ بغیر کسی تاخیر کے اپریل میں دوبارہ ان منصوبوں پر کام شروع کیا جا سکے۔
میٹنگ کے دوران شیلیندر کمار کو تمام مرکزی اسکیموں کے نفاذ کے بارے میں جانکاری دی گئی۔ آر اینڈ بی، پی ڈی ڈی، جل شکتی، صحت، باغبانی، زراعت اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے میٹنگ میں شرکت کی اور اپنی پیش رفت کے بارے میں کمار کو آگاہ کیا۔
شیلیندر کمار کو ضلع میں ’’جل جیون مشن‘‘ کے تحت پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے اس اسکیم کو آسانی سے نافذ کرنے میں محکمہ کو درپیش کئی رکاوٹوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔
مزید پڑھیں: ڈی سی آفس اننت ناگ میں حلف برداری کی تقریب منعقد
انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ پروجیکٹ کی عمل آوری کی ٹائم لائن پر سختی سے عمل کیا جائے تاکہ سبھی افرد کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جا سکے۔
پرنسپل سیکریٹری نے موسم سرما میں بجلی کی معقول اور بلا خلل فراہمی پر بھی زور دیا۔
محکمہ باغبانی کے افسران نے پرنسپل سیکریٹری کو مطلع کیا کہ حالیہ برف باری سے میوہ باغات کو ہوئے نقصانات کا تخمینہ لگانے کے لیے سرعت کے ساتھ کام کیا جا رہا ہے تاکہ جلد از جلد مستحقین کو معاوضہ فراہم کیا جا سکے۔