جموں و کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے کوکرناگ کے وتناڑ، بدرحالن کے لوگوں نے شکایت کی ہے کہ گذشتہ روز علاقہ میں مرکزی اسکیم پردھان منتری گرام سڑک یوجنا کی کی جانب سے علاقہ کی رابطہ سڑک پر کئی دہائیوں بعد میکڈامائزیشن کا کام عمل میں لایا گیا، تاہم علاقہ کے لوگ پی ایم جی ایس وائی کے کام کاج سے مطمئن نہیں ہیں۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ مذکورہ علاقہ کے رہائش پزیر لوگوں کی دیرینہ مانگ تھی کہ علاقہ کی رابطہ سڑک پر میکڈم بچھانے کا کام عمل میں لایا جائے، جو گذشتہ کئی سالوں سے خستہ حالی کا شکار ہو گئی تھی، علاقہ کے لوگوں کو دھول مٹی کی وجہ سے آمد و رفت میں کافی دقتوں کا سامنا درپیش تھا۔
لوگوں کے اسرار پر اگرچہ پی ایم جی ایس وائی نے مذکورہ علاقہ کی رابطہ سڑک پر میکڈامائزیشن کا کام شروع کیا، تاہم مقامی لوگ میکڈامائزیشن کے عمل سے ناخوش ہے۔وتناڑ اور بدرحالن کے لوگوں کا کہنا ہے کہ پی ایم جی ایس وائی کے ملازمین اور ٹھیکیدار نے مل کر علاقہ کی رابطہ سڑک پر میکڈم کے محض دو کوٹ ڈالے ہیں، جبکہ اُس پر رولینگ بھی نہیں کی گئی ہے۔
جس کی وجہ سے علاقہ کے رہائش پزیر لوگوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ رابطہ سڑک پر بچھایا گیا میکڈم چند روز بعد ہی اُکھڑ جائے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ پی ایم جی ایس وائی نے مذکورہ علاقہ میں دو کلومیٹر رابطہ سڑک پر نہ تو باندھ بنائے ہیں اور نہ ہی سڑک کے کنارے پر ڈرینیج کا نظام عمل میں لایا۔
یہ بھی پڑھیں: 'فاروق عبداللہ سے پوچھ گچھ سیاسی انتقام پر مبنی'
معاملے کی نوعیت کو دیکھتے ہوئے ای ٹی وی بھارت نے یہ مسئلہ پی ایم جی ایس وائی کے اسسٹنٹ انجینئر نثار احمد کی نوٹس میں لایا تو انہوں نے کہا کہ مذکورہ رابطہ سڑک کو بارہویں فیز میں نینو ٹیکنالوجی میں منظوری ملی ہے۔ جبکہ رابطہ سڑک پر روایتی طریقے سے میکڈم نہیں بچھایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ انہوں نے رابطہ سڑک پر ڈرینیج اور باندھ بنانے کے حوالے سے تخمینہ لگا کر اپنے اعلیٰ عہدیداروں کو فائل بھیج دی ہے، جیسے ہی انہیں پی ایم جی ایس وائی کی جانب سے باندھ اور ڈرینیج نظام کو بنانے کی منظوری ملے گی وہ جلد ہی علاقہ کی رابطہ سڑک کے کنارے کام شروع کریں گے۔ تاکہ مذکورہ سڑک بارش یا برف باری کے آیام میں محفوظ رہے۔