ضلع اننت ناگ کے حلقہ انتخاب کوکرناگ کے بیگ پورہ لارنو میں رابطہ سڑک کی عدم دستیابی سے علاقہ کی کثیر آبادی کو مشکلات کا سامنا ہے۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ بیگ پورہ علاقہ کو انتظامیہ کے ساتھ ساتھ مقامی سیاست دانوں نے بھی ہر وقت ہر دور میں نظر انداز کیا ہے۔ علاقہ کے لوگوں کا کہنا ہے کہ اگرچہ مذکورہ علاقہ کی رابطہ سڑک ایک کلومیٹر سے بھی کم ہے۔ تاہم کئی دہائی گذر جانے کے باوجود بھی علاقہ میں میکڈامائزیشن کا کام عمل میں نہیں لایا گیا۔
علاقہ کے لوگوں کا کہنا ہے کہ معمولی بارش کے دوران ان کا اس سڑک پر چلنا پھرنا مہال ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پختہ سڑک نہ ہونے کی وجہ سے معمولی بارش کے دوران اسکولی بچے اسکول نہیں جا پاتے ہیں۔ کسی بھی ایمرجنسی کے دوران بیماروں کو ہسپتال لے جاتے وقت اسی لنک روڈ کے ذریعے بیمار کو چاپائی پر اٹھاکر اسپتال لے جانا پڈتا ہے۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ رابطہ سڑک پر موجود مٹی اور دھول سے علاقہ کے بچے اور بزرگ مختلف امراض میں مبتلا ہو چکے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ کوکرناگ کی تمام رابطہ سڑکوں کو میکڈامائز کیا گیا، تاہم حلقہ میں واحد بیگ پورہ کی رابطہ سڑک کو انتظامیہ نے ہمیشہ نظر انداز کیا۔ جس کی وجہ سے مقامی لوگوں کو عبور و مرور میں کافی دقعتوں کا سامنا کرنا پڑتا یے۔
یہ بھی پڑھیں: پہلگام: سیاحوں کو سیر کرانے والے روزی روٹی سے محروم
اگرچہ اس ضمن میں بیگ پورہ کے لوگوں نے کئی بار حکام کے سامنے اپنی آواز کو بلند کرنا چاہا، تاہم ہر بار ان کی آواز صدا بصحر ثابت ہوئی۔ انہوں نے گورنر انتظامیہ سے علاقہ میں پختہ رابطہ سڑک کی تعمیر کا پُر زور مطالبہ کیا ہے۔ تاکہ لوگوں کی مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔
ای ٹی وی بھارت نے جب فون پر یہ معاملہ محکمہ آر اینڈ بی کے اسیسٹنٹ ایگزیکیٹو انجینئر الیاس احمد کی نوٹس میں لایا تو انہوں نے کہا کہ اُن کی مشینری میں تکنیکی خرابی کی وجہ سے علاقہ میں جاری میکڈامائزیشن کےکام کو روک دیا گیا ہے۔ انہوں نے نمائندہ کو یقین دلایا کہ جیسے ہی میکڈامائزیشن میں درکار مشین ٹھیک ہو جائے گی، علاقہ میں میکڈم بچھانے کا کام عمل میں لایا جائے گا۔ تاکہ علاقہ کے لوگوں کی مشکلات دور ہو جائے۔