پہلگام: وادی کے کئی دیگر علاقوں سمیت معروف سیاحتی مقام پہلگام میں بھی درمیانہ درجہ کی برفباری ہوئی ہے۔پہلگام میں جمعرات کی سہ پہر سے بارشوں کے بعد ہلکی برفباری ہوئی،جبکہ پہاڑی علاقوں میں بھاری برفباری ہوئی۔وہیں ضلع اننت ناگ کے دیگر پہاڑی اور سیاحتی مقامات جیسے ،کوکرناگ کے ڈکسم ،متی گاورن ،سنتھن ٹاپ ،مرگن ٹاپ پر بھاری برفباری ہو رہی ہے،۔ وہیں ڈورو ویری ناگ کے کاپرن ،ہالسی ڈار ،رنگہ منڈو و دیگر پہاڑی علاقوں میں شدید برفباری ہوئی۔
تاہم اننت ناگ کے میدانی علاقوں میں وقفہ وقفہ سے ہلکی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔بارشوں اور برفباری کے بعد دن کے درجہ حرارت میں کمی ہوئی جبکہ شبانہ درجہ حرارت میں قدرے بہتری آئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے قبل ازوقت ہی 9 اور 10 فروری کے درمیان میدانی علاقوں میں بارشیں،جبکہ بالائی علاقوں میں برفباری کی پیش گوئی کی تھی، جبکہ 10 فروری کے بعد ایک ہفتے تک موسم خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا۔ محکمہ موسمیات نے پہاڑی علاقوں کے مکینوں کے لئے ایڈوائزی جاری کرتے ہوئے خراب موسمی صورتحال کے دوران سفر کرنے سے گریز کرنے کی تلقین کی۔
مزید پڑھیں: Kashmir Weather Update میدانی و بالائی علاقوں میں ہلکی سے درمیانہ درجے کی برفباری شروع
سرینگر۔جموں قومی شاہراہ کو جمعرات کے روز ٹریفک کی آمدورفت کے لئے بند کردیا گیا۔اطلاعات کے مطابق جمعرات کی سہ پہر کو پنتھال رام بن میں پتھر گر آنے کے باعث شاہراہ پر ٹریفک کی نقل وحمل کو روک دیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ ٹنل کے آر پار بڑی تعداد میں گاڑیاں درماندہ ہیں جن میں سے زیادہ تعداد ٹرکوں اور تیل ٹینکروں کی ہے۔دریں اثنا محکمہ موسمیات نے اگلے 24 گھنٹوں کے دوران بھاری برف باری کی پیش گوئی کی ہے جس کے باعث زمینی وفضائی ٹریفک متاثر رہ سکتا ہے۔