جموں و کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے دور دراز علاقہ ژیر پورہ شانگس میں فوج کی جانب سے ایک مفت طبی کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ اس دوران فوج کے طبی ماہرین نے علاقہ کے سینکڑوں لوگوں کا علاج و معالجہ کیا اور ان میں مفت ادویات بھی تقسیم کی۔ علاج کی سہولت حاصل کرنے والوں میں خواتین اوربچے بھی شامل تھے۔
مقامی لوگوں نے فوج کی جانب سے اٹھائے گئے اس قدم کی تعریف کرتے ہوئے فوج کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ حکومت کی جانب سے ہمارے علاقے میں معقول طبی سہولیات فراہم نہیں کی گئی ہے تاہم وقتاً فوقتاً فوج کی جانب سے ہمارے ان پسماندہ علاقوں میں ایسے میڈیکل کیمپ کا قیام عمل میں لایا جاتا ہے اور علاج و معالجہ کے ساتھ ساتھ مفت ادویات بھی دی جاتی ہیں۔
مقامی لوگوں کے مطابق فوج کی جانب سے طبی سہولیات کے علاوہ بھی ہمارے علاقے میں بہت سارے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اس دوران بہت ساری جگہوں پر بجلی کے ٹرانسفارمر نصب کئے گئے اور کچھ علاقوں میں اسٹریٹ لائٹس بھی نصب کی گئی ہیں۔
میڈیکل کیمپ میں لوگوں کا علاج و معالجہ کرنے والے ڈاکٹر پردیپ نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ فوج کی جانب سے لوگوں کو طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے سال میں تقریباً 30 سے 40 میڈیکل کیمپس کا اہتمام کرتے ہیں تاکہ عوام کی مدد کر سکیں لیکن پچھلے کچھ مہینوں سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے ہم ایسے میڈیکل کیمپس کا اہتمام نہیں کر پائے تھے۔
انہوں نے کہا کہ آج ہم نے ایس او پیز پر کرتے ہوئے لوگوں کے لیے ماسک اور گلوز مہیا کئے اور سماجی فاصلے کا خیال رکھتے ہوئے لوگوں کا علاج و معالجہ کیا۔