جنوبی ضلع اننت ناگ میں پہلگام اور لارنو بلاکس میں 28 نومبر کو ڈی ڈی سی انتخابات کے پہلے مرحلہ کی ووٹنگ ہونی ہے، اس روز رائے دہندگان اپنی حق رائے دہی کا استعمال کرکے 388 امیدواروں کے قسمت کا فیصلہ کریں گے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ضلع اننت ناگ میں ڈی ڈی سی انتخابات میں مردوں کے مقابلہ میں امیدواروں کی سب سے زیادہ تعداد خواتین کی ہے، جو اننت ناگ کی سیاسی تاریخ میں پہلی بار دیکھنے کو مل رہا ہے۔
پہلگام اور لارنو بلاکس میں پہلے مرحلہ کے تحت ہونے والے انتخابات میں ڈی ڈی سی امیدواروں کی کُل تعداد 11 ہے جن میں 6 خواتین اور 5 مرد امیدوار شامل ہیں۔ وہیں بجبہاڑہ کھوری پورہ، لارنو، شانگس کے بلاکس میں ڈی ڈی سی انتخابات کے لیے کل 18 امیدوار میدان میں ہیں جو سبھی خواتیں ہیں۔
پہلے مرحلہ کے تحت اننت ناگ کے لارنو بلاک میں ڈی ڈی سی کے لیے پانچ امیدوار مد مقابل ہیں جن میں سب امیدوار خواتین ہیں، اُن امیدواروں میں کانگریس کی ٹکٹ پر فرحانہ اختر، پی ڈی پی کی خالدہ بی بی، جبکہ زاہدہ اختر، ساجدہ بیگم اور منیرہ اختر بطور آزاد امیدوار میدان میں ہیں، وہیں پہلگام میں این سی، پی ڈی پی ،اپنی پارٹی اور دیگر دو امیدواروں سے مقابلہ کرنے کے لیے خالدہ پروین بحیثیت آزاد امیدوار ہیں۔
شانگس بلاک میں دوسرے مرحلہ میں انتخابات ہونگے، اس بلاک میں بھی ڈی ڈی سی کے لیے 5 امیدوار میدان میں ہیں جو سبھی خواتیں امیدوار ہیں، جن میں سینئر کانگریس لیڈر گلزار وانی کی دختر سبہت گلزار، سبرینہ مشتاق، سلما لطیف، مُبینہ بیگم، سیرت جان شامل ہیں۔
بجبہاڑہ کھوری پورہ بلاک میں بھی 8 خواتین میدان میں ہیں، جن میں بالترتیب، بی جے پی، این سی، اور پی ڈی پی کی ایک جبکہ 5 آزاد امیدوار شامل ہیں، اس نشست کے امیدواروں کے نام، شریفہ بیگم بی جے پی، مسرہ بیگم این سی، روبی جان اپنی پارٹی، تسلیمہ اختر، جبینہ اختر، شازیہ کونثر، شائستہ مجید، عرفی بانو بحیثیت آزاد امیدوار شامل ہیں۔
غور طلب ہے کہ خواتین امیدواروں میں اکثریت ان خواتین کی ہے جو پسماندہ پہاڑی طبقہ سے تعلق رکھتی ہیں، ان خواتین کا کہنا ہے کہ ووٹ ڈالنے کے بعد ان کے طبقہ کو ہر لحاظ سے نظر انداز کیا گیا ہے، لہذا انہیں اپنے طبقے کی بہتر نمائندگی کرنے کے لیے میدان میں قدم رکھنا پڑا ہے۔
واضح رہے کہ 28 نومبر کو پہلگام اور لارنو بلاکس میں پہلے مرحلے کے تحت ہونے والے ڈی ڈی سی، اور پنچایت و یو ایل بی ضمنی انتخابات میں کل 388 امیدوار میدان میں ہیں، جن میں 305 پنچ، 37 سرپنچ ،35 یو ایل بی، اور 11 ڈی ڈی سی شامل ہیں