اننت ناگ (جموں کشمیر) : جنوبی کشمیر کے گٹلی گنڈ، ویری ناگ میں ’’ویتھ ترواہ‘‘ تہوار کے سلسلے میں وِتستا دیوستھان پربندھک کمیٹی (ویریناگ) کی جانب سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں کشمیری پنڈتوں نے روایتی پوجا پاٹ کیلئے ہون کا اہتمام کیا۔ دن بھر جاری رہنے والے وتستا دیوس کے موقع پر روایتی کشمیری بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کے مناظر دیکھنے کو ملے۔ ہون کے بعد شردھالوؤں میں پرشاد تقسیم کیا گیا۔
اس موقع پر پربندھن کمیٹی کے جنرل سیکریٹری، آر کے بھٹ، نے کہا کہ ’’وتستا دیوس تہوار پورے جموں و کشمیر میں مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ دہائیوں سے منایا جاتا رہا ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ اس تہوار کا ضلع اننت ناگ کے گٹلی گنڈ، ویری ناگ میں خاص طور پر اہتمام کیا جاتا ہے کیونکہ یہی مقام ’’ویتھ‘‘ یعنی دریائے جہلم کا منبع ہے۔ اور دیوی وتاست کے یوم پیدائش کی مناسبت سے اس مقام پر خصوصی پوجا پاٹ کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی ہندو عقیدت کے مطابق ویری ناگ کے اسی مقام پر دیوی وتاست نے ’’ویت وتور چشمہ‘‘ کی شکل اختیار کی جو جہلم دریا کا اصل منبع ہے۔
مزید پڑھیں: Ananta Chaturdashi 2023 کشمیری پنڈتوں نے اننت بھگوان کا جنم دن منایا
بھٹ نے مزید کہا کہ کشمیر سمیت بیرون وادی سے کشمیری پندت یہاں جمع ہوئے اور ہون کا اہتمام کیا۔ انہوں نے ہون کے انعقاد پر مقامی مسلم برادری کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ’’کشمیری پنڈت اور کشمیری مسلم برادری صدیوں سے ایک دوسرے کے دکھ سکھ اور تہواروں میں شریک ہوتے رہے ہیں، اور آج کے اس تہوار میں بھی کشمیری مسلمانوں نے پنڈت بھائیوں کو تعاون پیش کیا ہے۔‘‘ تاہم انہوں نے محکمہ جل شکتی کی سخت نکتہ چینی کرتے ہوئے اس روحانی مقام کو ویران کرنے کا الزام عائد کیا۔