ضلع اننت ناگ کے مرہامہ علاقہ میں سلیمہ نامی ایک مقامی خاتون اپنی تیرہ سالہ کمسن بچی کے ساتھ دریائے جہلم میں غرقاب ہوئی تھیں، سلیمہ کی لاش کو گزشتہ شام کھوج لیا گیا تاہم ان کی بیٹی کی لاش دریا سے ابھی تک نہیں نکالی جا سکی اور اس کی تلاش کے لیے کاروائی جاری ہے۔
دراصل سلیمہ اپنی تیرہ سالہ کمسن بچی کے ساتھ دریائے جہلم پر سبزی دھو رہی تھی، جس دوران بچی نے نہانے کی ضد کی اور اچانک اس کا پاؤں پھسل گیا اور وہ دریا میں ڈوب گئی۔
سلیمہ نے اپنی بچی کو بچانے کے لیے دریا میں چھلانگ لگائی تاہم وہ بھی پانی کے تیز بہاؤ میں بہہ گئی۔ سلیمہ کے ساتھ اُن کی چھوٹی بیٹی دریا کے کنارے کھیل رہی تھی جب اس نے اپنی ماں اور بڑی بہن نگہت کو ڈوبتے دیکھا تو اس نے شور مچایا۔
تاہم کشتی چلانے والے افراد نے فورا کاروائی کرتے ہوئے دریا سے سلیمہ کی لاش نکال لی، اس دلدوز حادثہ کے بعد علاقہ میں ماتم کی لہر دوڑ گئی ہے۔
گاؤں کے لوگ اور ہلاک شدہ خاتون کے رشتہ دار اشک بار آنکھوں سے کمسن نگہت کی بازیابی کا بے صبری سے انتظار کررہے ہیں۔