اننت ناگ: ضلع اننت ناگ کے کانڈیوارہ، کوکرناگ علاقے میں 2013 میں ایک اسکول بس دلدوز حادثے کی شکار ہوئی جس میں 9 طلبہ موقع پر ہی ہلاک جبکہ متعدد شدید زخمی ہوئے تھے۔ حادثے کے بعد اُس وقت کی حکومت نے مقامی لوگوں کو راحت پہنچانے کی غرض سے کانڈیوارہ سے ساگام کے بیچ نالہ برنگی پر ایک پُل کی تعمیر کو منظوری دی جس پر ان دنوں شد و مد سے کام جاری ہے اور تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔ Kandiwara Bridge Kokernag Nears Completion
سنہ 2013میں حادثہ کے کچھ ہی عرصہ بعد پل کا تعمیراتی کام شروع کیا گیا تاہم فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث پل کا تعمیراتی کام وسط میں روک دیا گیا تھا۔ مقامی باشندوں نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ پل کی تعمیر کا کام دوبارہ شروع کرنے کے لئے لوگوں کو سخت مشکلات سے جوجھنا پڑتا۔ انہوں نے کہا کہ کئی برسوں تک متعلقہ محکموں کے چکر کاٹنے اور سیاسی رہنمائوں کے ساتھ ملاقات کے بعد بالآخر پل کی تعمیر دوبارہ شروع ہوئی۔ محکمہ تعمیرات عامہ کے اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجینئر کے مطابق ایک ماہ کے اندر اندر پل کا باقی کام بھی مکمل کرکے پُل کو عوام کے لیے وقف کیا جائے گا۔
پل کی تکمیل آخری مراحل میں پہنچنے سے مقامی باشندوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ ’’پُل کی عدم دستیابی کے باعث ہزاروں افراد کو نالہ برنگی پار کرنے کے لیے کئی کلومیٹر کا اضافی سفر طے کرنا پڑتا تھا۔‘‘ انہوں نے کہا کہ پل نہ ہونے کے باعث جس سفر کے لئے 10سے20روپے خرچ ہونے چاہئے تھے، اُس کے لیے لوگوں کو 50روپے خرچ کرنے پڑتے تھے جبکہ وقت کا بھی زیاں ہوتا تھا۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ پُل نہ ہونے کے باعث نالہ برنگی میں طغیانی کے دوران کئی حادثات رونما ہو چکے ہیں، جبکہ کسی بھی ایمرجنسی کے دوران نالہ برنگی کو پار کرنے میں لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا رہنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نالہ برنگی پار کرنے کے دوران آج تک کئی لوگوں کو اپنی جان سے ہاتھ گنوانا پڑا، جبکہ بعض شدید زخمی ہو چکے ہیں۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ علاقے میں اس پل کو تعمیر لوگوں کی دیرینہ خواہش تھی، کیونکہ نالہ برنگی کی دوسری جانب ہزاروں افراد رہائش پذیر ہیں۔ مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ کانڈیوارہ کے ساتھ تقریباً 12 سے 15 ایسے گاؤں ہیں جنہیں، اس پل کی عدم موجودگی کے سبب، کوکرناگ جانے کے لئے اضافی سفر طے کرنا پڑتا تھا، جس کے نتیجے میں کثیر آبادی کو سخت مشکلات سے دوچار ہونا پڑتا تھا۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ مریضوں کو ہسپتال لے جاتے وقت بھی کئی دقتوں کا سامنا رہنا ہے، تاہم پل پر اطمینان بخش کام ہونے سے مقامی آبادی کے چہرے کھل اٹھے ہیں۔ Kandiwara Kokernag Bridge Nears Completion
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے محکمہ تعمیرات عامہ کے اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر، کوکرناگ، طارق احمد ہرگاہ نے کہا کہ پل پر گزشتہ کئی برسوں سے تعمیراتی کام چل جاری تھا تاہم تعمیراتی کام کے دوران نالہ برنگی میں کئی بار طغیانی کے بعد پل کی تعمیراتی کام متاثر ہوا جبکہ ڈیزائن میں بھی بدلاؤ لانا پڑا۔ انہوں نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ 8 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے اس پل میں تقریباً 8 سپین رکھے گئے ہیں۔ اے ای ای نے دعویٰ کیا کہ ’’لوگوں کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے محکمہ نے گزشتہ سال سے پل کے تعمیراتی کام میں سرعت لائی۔‘‘ انہوں نے یقین دلایا کہ ’’اگلے ماہ کے پہلے ہفتے میں پل کو لوگوں کے نام وقف کیا جائے گا۔‘‘