اننت ناگ: جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں شاعر، ادیب اور معروف صحافی مرحوم مقبول ویرے کی چوتھی برسی کے موقع پر ایک تقریب منعقد ہوئی۔ شہربین پروگرام، مراز رائٹرس اینڈ آرٹسٹس گلڈ، اننت ناگ جرنلسٹس ایسوسی ایشن، محفل فکر و سخن اور ہفت روزہ ندائے کشمیر کے اشتراک سے منعقدہ اس تقریب میں شعراء، ادیبوں اور صحافیوں نے شرکت کی۔ اس دوران مقررین نے مرحوم مقبول ویرے کی ادب اور صحافت کے تئیں خدمات پر روشنی ڈالی اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر راجہ یوسف، ظفر فاروق صلاتی، بشیر اندرابی، زاہد مختار، رائو فرمان علی، ایس طارق، تصدق رشید، فیاض لولو، دین عمران، بشیر کلیم، اقبال احمد، اقبال شہید، ڈاکٹر شفیع ایاز، عطا محمد میر، عادل یوسف، بشیر احمد شاہ، معراج الدین کے علاوہ صحافت اور ادب سے وابستہ دیگر شخصیات بھی شامل رہیں۔ تقریب میں مقبول ویرے کے برادر عاشق حسین ویرے، فرزند ضامن مقبول ویرے بھی موجود تھے۔ تقریب کے موقع پر ہفتہ روزہ ندائے کشمیر کا ’’گوشہ مرحوم مقبول ویرے‘‘ کا بھی اجراء کیا گیا۔ دریں اثناء، اننت ناگ ورکنگ جرنلسٹس ایسوسی ایشن سمیت دیگر صحافتی اور ادبی تنظیموں نے مرحوم مقبول ویرے کی چوتھی برسی کے موقع پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی صحافتی خدمات کو یاد کیا۔
مزید پڑھیں: Journalist Maqbool Veeray Anniversary : صحافی مقبول ویرے کی برسی کے موقع پر تقریب منعقد
قابل ذکر ہے کہ مرحوم مقبول ویرے تا حیات شہربین کے ساتھ وابستہ رہے اور کافی عرصہ تک شہربین پر عوامی مسائل کو اجاگر کرتے رہے۔ اسکے علاوہ ویرے، اردو اخبارات و رسائل میں بھی اپنی خدمات انجام دیتے رہے۔ مرحوم مقبول ویرے نے غزل گوئی، انشاء نگاری اور افسانہ نگاری میں بھی اپنا لوہا منوایا ہے۔