اننت ناگ: جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے یونین ٹیریٹری میں ’’کسان سمپرک ابھیان، دکش کسان اور کسان ساتھی‘‘ کا افتتاح کیا۔ منوج سنہا کی جانب سے شروع کی گئی تین اہم اسکیموں کے تحت زراعت اور اس سے منسلک شعبوں کی ہمہ گیر ترقی کے منصوبوں کی مؤثر عمل آوری ضلع و تحصیل سطح پر شروع کر دی گئی ہے، اس حوالہ سے تربیتی و آگاہی پروگرامز کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے۔
ہالسٹک ڈیولپمنٹ آف ایگریکلچر پروگرام کے تحت پیر کو محکمہ زراعت کی جانب سے ’’کسان سمپرک ابھیان سکیم‘‘ کا رسمی طور افتتاح کیا گیا۔ اور تقاریب کے حوالہ سے پیر کو جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے آکورہ پنچایت حلقہ میں افتتاحی تقریب منعقد کی گئی۔ اس حوالے سے تین مہینے تک مختلف مقامات پر کسانوں کو تربیتی پرگرامز کے ذریعے کھیتی باڑی اور باغبانی سے متعلق مختلف معلومات فراہم کی جائے گی اور سینکڑوں کسانوں کو ’’کسان کریڈیٹ کارڈ‘‘ بھی فراہم کیا جائے گا۔
واکورہ، اننت ناگ میں منعقدہ تقریب میں محکمہ زراعت سمیت دیگر شعبہ جات سے وابستہ کئی عہدیداروں نے شرکت کی، جبکہ اس دوران مختلف پنچایتی حلقوں سے تعلق رکھنے والے بی ڈی سیز نے بھی شمولیت کی۔ تقریب میں مقامی کسانوں کی خاصی تعداد بھی موجود رہی۔ تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے چیف اگریکلچر آفیسر، اننت ناگ، اعجاز حسین ڈار نے دعویٰ کہ ’’ان اسکیموں سے کسانوں کو کافی فائدہ پہنچایا جائے گا۔‘‘
مزید پڑھیں: Kisan samprak programme Tral: ترال میں کسان سمپرک پروگرام کے تحت تقاریب منعقد
واضح رہے کہ اپریل سے اگست 2023ء تک یوٹی کے سبھی 20اَضلاع میں 10,695 تربیتی سیشن منعقد کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے جس سے نہ صرف کسانوں کو مختلف اسکیموں کے حوالہ سے آگاہی فراہم کی جائے گی بلکہ پڑھے لکھے اور بے روزگار نوجوانوں کو کھیتی باڑی کی جانب راغب کرنے اور انہیں وضع کی گئی مختلف اسکیموں کے ذریعے امداد بھی فراہم کی جائے گی۔