- جنوبی کشمیر کے بجبہاڑہ کے جبلی پورہ علاقے سے تعلق رکھنے والے پیشہ سے ڈینٹسٹ مقتول شاہنواز احمد کے اہل خانہ سکتہ میں ہیں۔ ہفتہ کی شام ان پر اُس وقت قیامت ٹوٹ پڑی جب انکے لخت جگر شاہنواز اور ایک دوسرے مقامی باشندے کو نامعلوم بندوق برداروں نے گولیوں سے چھلنی کر دیا۔
گرچہ زخمی نوجوانوں کو اسپتال پہنچایا گیا تاہم دنوں افراد زخموں کی تاب نہ لاکر فوت ہو گئے۔
شاہنواز کے والد نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انکا فرزند ہی اہل خانہ کی ضرورتوں کو پورا کر رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود پیشے سے ترکھان ہے تاہم بگڑتی صحت کے سبب وہ کام کرنے سے قاصر ہیں اور گھر میں صرف شاہنواز ہی کمائی کرنے والا واحد شخص تھا۔
شاہنواز کی موت نے انکے اہل خانہ کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے، شاہنواز کے رشتہ داروں کا کہنا ہے کہ ’’شاہنواز کے قتل کے سبب انکا اہل خانہ بے سہارا ہونے کے ساتھ ساتھ عمر بھر کے کرب و درد میں مبتلا ہو چکا ہے۔‘‘
مقتول کے اہل خانہ نے پولیس اور انتظامیہ سے انکے لخت جگر کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کی اپیل۔