جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں ہیڈ کوارٹر سے محض 6کلومیٹر دور گوپال پورہ کلاں علاقے کی خستہ حال سڑکیں ندی نالے جیسا منظر پیش کرتی ہیں۔
سڑکوں کی حالت پہلے سے ہی خراب تھی اب ناکارہ ڈرینیج سسٹم کی وجہ سے پانی سڑک کے بیچوں بیچ بہہ رہا ہے، اور لوگوں کو سڑک پر چلتے وقت بہتے پانی کو عبور کرنا پڑتا ہے۔ یہ سڑک تقریباً 1400 کنبوں پر مشتمل آبادی کو اننت ناگ ضلع ہیڈکوارٹر سے ملاتی ہے۔
بچوں سے لیکر بڑے بزرگوں کو راستہ پار کرنے کے لیے سہارے کی ضرورت پڑتی ہے۔ بچوں کو سکول یا ٹیوشن جاتے وقت راستہ پار کروانے کے لیے بڑوں کو ساتھ جانا پڑتا ہے۔
ڈرینیج کے پانی سے رہائشی مکانوں کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ جو مقامی آبادی کے لیے باعث تشویش ہے۔ گزشتہ برس لوگوں نے ذاتی لاگت سے سڑک کی مرمت کی تھی تاہم میکڑمائزیشن نہ ہونے کی وجہ سے وہ مرمت کار آمد ثابت نہ ہو سکی۔
مقامی آبادی نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’اعلیٰ حکام سے بار بار گزارشات کے باوجود بھی اس دیرینہ مانگ کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔‘‘
اس سلسلے میں جب ای ٹی وی بھارت نے ایکزیکٹیو انجینئر آر اینڈ بی سے معاملے کے تئیں رابطہ قائم کیا تو انہوں نے کیمرے کے سامنے آئے بغیر یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ’’جلد ہی اس سڑک کو کشادہ کرکے پانی کی نکاسی کے لئے کام شروع کیا جائے گا۔‘‘ علاقے کی سڑکوں کی حالت سے لوگ اس قدر پریشان ہیں کہ اب وہ گھروں سے باہر جانے سے کتراتے ہیں۔
ضلع ہیڈکوارٹر اننت ناگ سے محض 6کلومیٹر دور گوپالپورہ کلاں علاقہ دور دراز دیہات کے مقابلے میں ترقی کے لحاظ سے بہت پیچھے رہ گیا ہے۔