تکیہ مقصود شاہ، بجبہاڑہ کے باشندوں کا کہنا ہے کہ گنجان آبادی والے اس علاقے کو کئی دہائیوں سے راشن گھاٹ سے محروم رکھا گیا ہے۔ No Ration Depot at Takya Maqsood Shah, Bijbehara۔ ان کا کہنا ہے کہ راشن حاصل کرنے کے بعد راشن کو گھاٹ سے گھر تک پہنچانے کے لیے گدھوں پر لاد کر تین کلومیٹر کی مسافت طے کرنا پڑتی ہے۔ جبکہ کئی بار انہیں راشن کی بوریوں کو نجی گاڑیوں یا کندھوں پر لاد کر گھر پہنچانا پڑتا ہے، جس پر وقت کے ساتھ ساتھ روپے بھی خرچ ہوتے ہیں۔ مقامی لوگوں نے دعویٰ کیا کہ راشن گھاٹ گاؤں سے دور ہونے کے باعث انہیں راشت وغیرہ پہنچنے کی اطلاع کافی دیر سے پہنچتی ہے۔ ان کے مطابق ’’جب ہم راشن گھاٹ پہنچتے ہیں تب تک راشن ختم ہو جاتا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ کئی مرتبہ لوگوں کو مجبوراً بازار سے مہنگے داموں پر راشن خریدنا پڑتا ہے جو غریب عوام کے لیے پریشانی کا باعث ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ لوگوں نے کئی بار انتظامیہ سے لوگوں کی مشکلات کا ازالہ کرنے کی اپیل کی ہے۔ انکے مطابق ’’انتظامیہ نے لوگوں کے دیرینہ مطالبے کو ہمیشہ نظر انداز کیا ہے۔‘‘ مقامی باشندوں نے گورنر انتظامیہ سے مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے لوگوں کی مشکلات کو دور کرنے کے لیے ٹھوس اور سنجیدہ اقدامات اٹھائے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔