معروف عالم دین اور مذہبی تنظیم بزم قادریہ کے بانی الحاج شیخ محمد عبد اللہ جمعہ کے روز اپنے آبائی علاقہ ضلع اننت ناگ کے شِر پورہ میں وفات پا گئے۔
اسی سالہ مرحوم دینی بزگ کچھ عرصہ سے علالت کے دور سے گزر رہے تھے اور جمعہ کی صبح انہوں نے اپنے گھر واقعہ شِر پورہ میں آخری سانس لی۔
ان کی نماز جنازہ اننت ناگ کے شیر باغ میں ادا کی گئی، جہاں کثیر تعداد میں لوگوں نے ان کے جنازے میں شرکت کی۔ نماز جنازہ سے قبل مرحوم کی دینی خدمات پر روشنی ڈالی گئی اور مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے ایصال ثواب کے لئے دعائے مغفرت کی گئی۔
نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد مرحوم کی میت کو آبائی قبرستان میں پر نم آنکھوں سے سپرد خاک کیا گیا۔
الحاج شیخ محمد عبد اللہ ایک معروف دینی بزگ تھے، انہوں نے اپنی زندگی کے بیشتر لمحات دینی و سماجی خدمات میں وقف کیے۔ جوانی سے لے کر زندگی کے آخری ایام تک وہ یاد خدا وندی میں مشغول رہے۔ وہ مذہبی تنظیم بزم قادریہ کے بانی بھی ہے۔