اننت ناگ: سکیورٹی ایجنسیز جموں و کشمیر میں عسکریت پسندوں کو تعاون فراہم کرنے والے افراد کے خلاف کریک ڈاون جاری رکھی ہوئی ہے، اسی کڑی کے تحت ضلع اننت ناگ کے ٹینگ پاوا کوکرناگ علاقہ میں پولیس نے ایک عسکریت پسند معاون کی غیر منقولہ جائیداد کو اٹیچ کیا ہے۔
عسکریت پسندوں کو پناہ دینے اور انہیں مختلف طریقوں سے مدد فراہم کرنے کے سلسلہ میں ضلع پولیس اننت ناگ نے متعلقہ ایگزیکٹیو مجسٹریٹ کی موجودگی میں ٹینگ پاوا کوکرناگ میں عبداسلام راتھر ولد محمد رمضان راتھر کے رہائشی مکان کو اٹیچ کیا ہے۔
ولیس کے مطابق مذکوہ شخص کے خلاف پولیس اسٹیشن کوکرناگ میں درج کیس کے تحت یہ کارروائی کی گئی ہے۔پولیس کے مطابق مذکورہ کیس کی تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ ظہور احمد راتھر ولد عبدالسلام راتھر ساکن ٹینگ پاوا کوکرناگ عسکریت پسندوں کے معاون (او جی ڈبلیو) کے طور پر کام کر رہے تھے۔
مزید پڑھیں:
اس کے علاوہ مذکورہ شخص نے مرہامہ کے شیخ پورہ سے تعلق رکھنے والے مارے گئے عسکریت پسند آصف ریشی عرف خُبیب ولد محمد یاسین ریشی اور وکیل احمد بٹ عرف طلحہ ولد عبدالاحد بٹ ساکن نئی بستی مرہامہ کو اپنے رہائشی مکان میں پناہ دینے، انہیں خوراک اور دیگر مدد فراہم کر رہے تھے، جس کے بعد 'دہشت گردی' سے متعلق دفعات کے تحت مذکورہ مکان مالک کے خلاف ضابطہ کے تحت کاروائی عمل میں لائی گئی۔